ملک بھر کے طلبا کیلیے وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 2 اگست 2013
یونیورسٹیوں اورکالجوں کے ذہین طلبا وطالبات کو ہرسال ایک لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ دیے جائینگے، میرٹ کا تعین ایچ ای سی کرے گا ۔ فوٹو: فائل

یونیورسٹیوں اورکالجوں کے ذہین طلبا وطالبات کو ہرسال ایک لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ دیے جائینگے، میرٹ کا تعین ایچ ای سی کرے گا ۔ فوٹو: فائل

لاہور:  وفاقی حکومت نے ملک بھر کی یونیورسٹیوں اورکالجوں کے ذہین طلبا وطالبات کو مفت لیپ ٹاپ کی فراہمی کے لیے پرائم منسٹر لیپ ٹاپ نیشنل اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جس کے تحت ہرسال ایک لاکھ سے زیادہ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ ان لیپ ٹاپس کے حصول کے لیے مطلوبہ میرٹ اور معیار کا تعین ہائرایجوکیشن کمیشن کرے گا۔ یہ بات صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہوداحمد خان کی صدارت میں اعلی سطح کے اجلاس کے دوران بتائی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل (آئی ٹی ) ہائر ایجوکیشن کمیشن انور مجید اور ایڈوائزر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر محمد جلیل احمد نے اس موقع پر صوبائی وزیر کو پاکستان میں لیپ ٹاپ کی مانگ اور ضرورت کے حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے بارے میں بریفنگ دی۔ رانا مشہود احمد خان نے بتایا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کے ’’ ای یوتھ ‘‘ پروگرام کے تحت پہلے ہی صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں سالانہ ایک لاکھ 30 ہزار لیپ ٹاپس میرٹ پر طلبا وطالبات کو مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔


جبکہ پنجاب کی تقلید میں صوبہ خیبر پختونخوامیں بھی ’’ نوائے سحر‘‘ کے نام سے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت اب تک 23 ہزار 114 لیپ ٹاپ دیے جاچکے ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہمسایہ ملک بھارت میں نوجوان نسل کو لیپ ٹاپ ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے کام میں پیش رفت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بھارتی صوبہ تامل ناڈو میں اس سال ’’ پرائس لیس لیپ ٹاپ اسکیم ‘‘ کے تحت 68 لاکھ لیپ ٹاپ مفت تقسیم کیے گئے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں لاہورکے نزدیک سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں لیپ ٹاپ اسمبلنگ پلانٹ لگانے کے حوالے سے پلاننگ کمیشن باقاعدہ پی سی ون تیار کر رہا ہے اور اس حوالے سے معروف بین الاقوامی کمپیوٹر ہارڈویئر کمپنیوں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔