شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری، ماموں کانجن میں 6 ہلاک

نمائندگان ایکسپریس  جمعـء 2 اگست 2013
شہروں میں 14اور دیہات میں 18 گھنٹے بجلی کی بندش، وزارت بجلی نے پھر غلط ڈیٹا جاری کردی فوٹو: فائل

شہروں میں 14اور دیہات میں 18 گھنٹے بجلی کی بندش، وزارت بجلی نے پھر غلط ڈیٹا جاری کردی فوٹو: فائل

لاہور / ماموں کانجن: ماموں کانجن میں حبس کی شدت کے باعث ایک اسکول ٹیچر اور 2سالہ بچی سمیت 6 مرد وخواتین جاں بحق ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ شدید حبس کے باعث افطاری کے بعد556گ ب کا رہائشی ماسٹر اللہ یار‘558گ ب میں50سالہ خاتون غلام فاطمہ ‘ رانی بی بی‘ 2 سالہ بچی عظمی‘ 494 گ ب لال ترھانہ میں55سالہ کاشتکار ممتاز حسین جبکہ حکیم کے کاٹھیہ میں منیر نامی محنت کش جاں بحق ہوگیا ہے۔  ادھر ملک میں بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث شارٹ فال بڑھ کرساڑھے 5 ہزار میگا واٹ سے تجاوزکرگیا۔ شارٹ فال میں اضافے کے باعث لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافہ کردیا گیا۔

بڑے شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 18گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ سے تنگ آئے لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔ سحر و افطار اور تراویح کے موقع پر بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وزارت بجلی و پانی کی جانب سے جمعرات کو بھی بجلی کی پیداوار و شارٹ فال کے حوالے سے غلط ڈیٹا جاری کیا گیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔