گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو بھارت کے حوالے کردیا گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 1 مارچ 2019
بھارتی پائلٹ کی حوالگی کے موقع پر جلو موڑ سے واہگہ بارڈر تک انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ۔ فوٹو : ٹویٹر

بھارتی پائلٹ کی حوالگی کے موقع پر جلو موڑ سے واہگہ بارڈر تک انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ۔ فوٹو : ٹویٹر

 لاہور: بھارتی ایئر فورس کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو سخت سیکیورٹی حصار میں واہگہ بارڈر کے راستے بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

گرفتار بھارتی پائلٹ کے ہمراہ بھارتی سفارت خانے کے عملے کے اہلکار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انتہائی سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے جب کہ جلو موڑ سے واہگہ بارڈر تک مختلف مقامات پر سیکیورٹی اہلکار تعینات تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا رویہ متاثر کنُ ہے، گرفتار بھارتی پائلٹ

پاکستان میں تعینات بھارتی ائیر اتاشی بھی اپنے پائلٹ کے ہمراہ بھارت روانہ ہوگئے۔ بھارتی حکومت نے سرحد پر اپنی جانب پریڈ اور پرچم اتارنے کی تقریب منسوخ کرتے ہوئے بھارتی شہریوں کو شرکت سے روک دیا جبکہ پاکستان میں یہ تقریب معمول کے مطابق ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پر ایئراتاشی کے حوالے کیا گیا، بھارتی پائلٹ کو بین الاقوامی قوانین کے تحت عزت کے ساتھ قید میں رکھا گیا بعدازاں پائلٹ کو وزیر اعظم کے حکم پر امن کی علامت کے طور پر رہا کیا گیا۔

قبل ازیں بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر اسلام آباد میں دفتر خارجہ پہنچے جہاں پاکستانی حکام نے انہیں پائلٹ حوالگی سے متعلق باضابطہ طور پر مطلع کیا۔ بھارتی ہائی کمیشن نے اپنے گرفتار پائلٹ کی حوالگی کےلیے سفری دستاویزات مکمل کیں۔

بھارتی پائلٹ کی حوالگی سے قبل اس کا ویڈیو بیان بھی جاری کیا گیا جس میں اس نے پاکستان کی طرف سے بہتر اور اعلی سلوک پر پاکستان کی تعریف کی۔

دوسری طرف بھارت نے بارڈر پر پریڈ دیکھنے کے لیے آنے والے اپنے شہریوں کو پریڈ ایونیو میں آنے سے روک دیا تاکہ اپنے پائلٹ کی رہائی کے موقع پر شرمندگی سے بچا جاسکے۔

واضح رہے کہ 27 فروری کو پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ نے دو بھارتی طیارے مار گرائے تھے جس میں ایک طیارے کا ملبہ آزاد کشمیر اوردوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا تھا، پاکستان کی حدود میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ کو پاک فوج نے مشتعل ہجوم سے بچاتے ہوئے  حراست میں لے لیا تھا جب کہ  گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بھارتی پائلٹ کو امن کے فروغ کیلیے بھارت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔