جب کچھ کیا ہی نہیں تو سپریم کورٹ سے معافی کس بات کی مانگوں، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعـء 2 اگست 2013
عام انتخابات میں جو تاریخی دھاندلی ہوئی اس میں ریٹرننگ افسران کا بہت بڑا کردار تھا، عمران خان  فوٹو: آن لائن

عام انتخابات میں جو تاریخی دھاندلی ہوئی اس میں ریٹرننگ افسران کا بہت بڑا کردار تھا، عمران خان فوٹو: آن لائن

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب ان پر عدالت کی توہین ثابت ہی نہیں ہوئی تو وہ معافی کس چیز کی مانگیں اور انہیں آج پتا چلا کہ شرمناک کا لفظ استعمال کرنا بہت بڑی گالی ہے۔

توہین عدالت کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف وہ جماعت نے جس نے عدلیہ کی آزادی کے لئے بہت قربانیاں دیں اس لئے وہ عدالت کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتے اور نہ ہی انہوں نے ایسی کوئی بات کی جس کی انہیں سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شرمناک کا لفظ انہوں نے عدلیہ کے لئے نہیں بلکہ ریٹرننگ افسران کے لئے استعمال کیا تھا کیونکہ عام انتخابات میں جو تاریخی دھاندلی ہوئی اس میں ریٹرننگ افسران کا بہت بڑا کردار تھا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے صرف 4 حلقوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ انتخابات صاف اور شفاف ہوں اور اگر ہم انصاف کے لئے سپریم کورٹ کی جانب نہ دیکھیں تو کس کی جانب دیکھیں، کرپشن پر ازخود نوٹس لے کر عدلیہ نے بہت خوش آئند کام کیا ہے لیکن وہ امید کرتے ہیں کہ عدلیہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کا بھی نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت انتخابات میں دھاندلی ثابت کرنے کے لئے جلد وائٹ پیپر لائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ساری کرپشن ایک طرف ملک کی جمہوریت پر ڈاکا ایک طرف ہے کیونکہ ملک کی جمہوریت کی چوری سے بڑا کیا ظلم ہوسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔