بھارت کی پاکستان کو ورلڈکپ سے باہر کرنے کی چال ناکام

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 2 مارچ 2019
اجلاس میں صرف انگلینڈ میں شیڈول ورلڈکپ سکیورٹی پلان کو ڈسکس کیا گیا، فوٹو: فائل

اجلاس میں صرف انگلینڈ میں شیڈول ورلڈکپ سکیورٹی پلان کو ڈسکس کیا گیا، فوٹو: فائل

 دبئی: بھارت کی کرکٹ ورلڈکپ سے پاکستان کو باہر کرنے کی چال ناکام ہوگئی، آئی سی سی بورڈ اجلاس میں اس معاملے پر بحث ہی نہیں کی گئی۔

دبئی میں ہونے والے 6 روزہ اجلاس میں بھارت کی کوششوں کے باوجود ان کی بات پر کسی ممبر ملک نے کان نہیں دھرے، اجلاس میں صرف انگلینڈ میں شیڈول ورلڈکپ سکیورٹی پلان کو ڈسکس کیا گیا۔

چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ بھارت اور دوسرے ممالک کو ورلڈکپ میں سیکورٹی پر یقین دہانی کرادی ہے، معمول کے مطابق ورلڈکپ ختم ہونے تک سکیورٹی کا جائزہ لیتے رہیں گے اگر کسی مرحلے پر سکیورٹی بڑھانا پڑی تو وہ بھی کردیں گے۔

یاد رہے کہ اجلاس سے پہلے بھارتی بورڈ حکام نے ورلڈکپ سے پاکستان کو باہر کرانے کی بڑھکیں ماری تھی ۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق انیل کمبلے کو تین سال کے لئے کرکٹ کمیٹی کی سربراہی دی گئی ہے۔

اس کے ساتھ سکاٹ لینڈ کو ویمن جبکہ یو اے ای کو ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کوالیفائر کی میزبانی دے دی گئی، ویمن ورلڈ ٹی 20 کوالیفائر رواں سال 31 اگست سے 7 ستمبر تک سکاٹ لینڈ میں ہوگا۔

رواں سال مین ورلڈ ٹی 20 کوالیفائر 11 اکتوبر سے 9 نومبر تک یو اے ای میں ہوگا۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ میں کرپشن کے خاتمے اور ورکنگ معاملات میں بہتری پر بھی اظہار اعتماد کیا گیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔