حج کوٹے میں کمی کے خلاف درخواست پر نوٹس جاری

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 3 اگست 2013
جسٹس غلام سرورکورائی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے جمعہ کو سفینہ الحجاج انٹرنیشنل کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ فوٹو: فائل

جسٹس غلام سرورکورائی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے جمعہ کو سفینہ الحجاج انٹرنیشنل کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ فوٹو: فائل

کراچی:  سندھ ہائیکورٹ نے پرائیویٹ حج آپریٹرزکے کوٹے میں کٹوتی کیخلاف دائر درخواست پر وزارت مذہبی امور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے6 اگست کو جواب طلب کرلیا۔

جسٹس غلام سرورکورائی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے جمعہ کو سفینہ الحجاج انٹرنیشنل کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی، شعاع النبی ایڈوکیٹ کے توسط سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے سعودی حکومت کی جانب سے عازمین حج کے کوٹہ میں کٹوتی کے باعث پرائیویٹ حج آپریٹرز کے کوٹہ میں کمی کرکے 40فیصد کردیا ہے، اس ضمن میں سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں قرار دیا تھا کہ جن آپریٹرز نے مکمل فیس جمع کرادی ہے انھیں مکمل کوٹہ فراہم کیا جائے ، درخواست گزار نے 250عازمین حج کی درخواستیں جمع کرائی ہیں مگر وزارت مذہبی امور کی جانب سے مکمل کوٹہ فراہم کرنے سے گریز کیا جارہا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حج کوٹہ میں کمی کے باعث پرائیویٹ حج آپریٹرز کو شدید مالی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ حکومت پاکستان کو ہدایت کی جائے کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کے کوٹہ میں اضافہ کرکے انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے، عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد وفاقی وزارت مذہبی امور اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو6اگست کیلیے نوٹس جاری کردیے اور آئندہ سماعت تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔