سرکولر ڈیٹ پر کنٹرول؛ 200 ارب مالیت کے انرجی سکوک کا اجرا

احتشام مفتی  اتوار 3 مارچ 2019
سکوک 8مقامی وغیرملکی اسلامی بینکوں کی شراکت داری سے 100فیصد حکومتی شیئرہولڈنگ کمپنی کے توسط سے جاری کیے گئے۔ فوٹو: فائل

سکوک 8مقامی وغیرملکی اسلامی بینکوں کی شراکت داری سے 100فیصد حکومتی شیئرہولڈنگ کمپنی کے توسط سے جاری کیے گئے۔ فوٹو: فائل

کراچی: حکومت نے شعبہ توانائی میں(سرکولرڈیٹ) گردشی قرضوں کے حجم میں کمی کیلیے 200ارب روپے مالیت کے پاکستان انرجی سکوک کا اجرا کردیا ہے جبکہ مستقبل میں مزید 200 تا300ارب روپے مالیت کے سکوک کے اجرا کی بھی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے 200ارب روپے مالیت کے مذکورہ انرجی سکوک ملک میں خدمات انجام دینے والے8مقامی وغیرملکی اسلامی بینکوں کی شراکت داری سے 100فیصد حکومتی شیئرہولڈنگ کمپنی پاورہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے توسط سے جاری کیے ہیں۔

پاکستان انرجی سکوک کوشرعی اصولوں کے مطابق ڈھالنے کی غرض سے میزان بینک کی لیڈ مینیجر کی حیثیت سے تقرری کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ سکوک کی میچورٹی کی مدت10سال رکھی گئی ہے اور سکوک کااجرا اجارہ بنیاد اور پاورجنریشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے اثاثوں کی ضمانت کے عوض جاری کیے گئے ہیں۔

مذکورہ سکوک کو وزارت توانائی پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں درج کرنے کی بھی حکمت عملی وضع کررہی ہے۔ پاکستان انرجی سکوک میں سرمایہ کاری کے اعتبار سے میزان بینک 88ارب روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ سرفہرست ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاکستان انرجی سکوک میں سرمایہ کرنے والے بینکوں کیلیے مذکورہ سکوک کو Statutory Liquidity Requirement (ایس ایل آر) کے مساوی قراردیدیا ہے۔

واضح رہے کہ شعبہ توانائی میں زیرگردش قرضوں کا حجم1.4ٹریلین روپے تک پہنچ گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔