کراچی سے 2 اسپیشل عید ٹرینیں چلیں گی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 3 اگست 2013
پہلی عید اسپیشل ٹرین 6 اور دوسری ٹرین 7 اگست کو روانہ ہوگی۔ فوٹو: فائل

پہلی عید اسپیشل ٹرین 6 اور دوسری ٹرین 7 اگست کو روانہ ہوگی۔ فوٹو: فائل

کراچی:  محکمہ ریلوے نے عید الفطر پر کراچی اندرون ملک جانے والے افرادکے لیے2 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔

ٹرینوں سے اندرون ملک جانے والے افراد نے بکنگ شروع کرادی ہے، پہلی عید اسپیشل ٹرین 6 اور دوسری ٹرین 7 اگست کو روانہ ہوگی، ایک عید ٹرین اکانوی کلاس ہوگی، اسپیشل ٹرینوں میں ایک ہزار مسافروں کے سفر کی گنجائش ہے، تفصیلات کے مطابق ریلوے کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر کراچی سے اندرون ملک 2 اسپیشل ٹرینوں کی ٹکٹوں کی بکنگ کا سلسلہ جاری ہے،ریلوے کے ڈویژنل کمرشل آفیسر امتیاز نے ایکسپریس کو بتایا کہ پہلی عید الفطر اسپیشل ٹرین6 اگست کو صبح11بجے کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہوگی جبکہ دوسری عید اسپیشل ٹرین7 اگست کو صبح11بجے کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہوگی،پہلی عید اسپیشل ٹرین ٹرین اکانومی کلاس ہے اور اس میں ایک ہزار مسافروں کی گنجائش ہے۔

ٹرین کراچی سے براستہ ملتان ، ساہیوال سے ہوتی ہوئی پشاور کینٹ اسٹیشن پہنچے گی، پہلی ٹرین کے لیے717 مسافر 6 لاکھ 75 ہزار روپے کی بکنگ کراچکے ہیں، کراچی ڈویژن کے کمرشل آفیسر امتیاز نے بتایا کہ دوسری عید الطفر اسپیشل ٹرین میں اکا نومی،اے سی سلیپر اوراے سی بزنس کلاس کے800 مسافروں کی گنجائش رکھی گئی جو کراچی کینٹ سے براستہ ملتان اور فیصل آباد سے ہوتی ہوئی لاہور اسٹیشن پہنچے گی،دوسری عید اسپیشل ٹرین میں540 مسافر بکنگ کرا چکے ہیں۔

جس میں20 مسافر بزنس کلاس کے بھی شامل ہیں،اس سال محکمہ ریلوے نے عید الفطر کے موقع پر مجموعی طور پر4 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں2 کراچی کینٹ ، ایک کوئٹہ اور ایک پشاور سے چلائی جائیں گی کوشش کی جائے گی کہ عید اسپیشل ٹرینیں مقررہ وقت پر روانہ ہوں اور منزل پر بھی پہنچیں،تاہم ٹیکنیکل خرابی کی صورت میں جلد سے جلد خرابی دور کرانے کے انتظامات بھی رکھے گئے ہیں ، ٹرینوں کی ریزرویشن کیلیے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے نے ایک مانیٹرنگ ٹیم بنائی ہے جو بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کرے گی اور مسافروں کی شکایات سن کر فوری طور پر ان کے مسائل حل کرائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔