نکولس اینیلکا 5 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 3 مارچ 2019
فرنچ فٹبالر ورلڈ ساکر اسٹارز ٹور کا حصہ ،شاپنگ مال میں مداحوں سے ملاقات ہوگی۔ فوٹو: گیٹی

فرنچ فٹبالر ورلڈ ساکر اسٹارز ٹور کا حصہ ،شاپنگ مال میں مداحوں سے ملاقات ہوگی۔ فوٹو: گیٹی

لاہور: نکولس اینیلکا نے ورلڈ فٹبال اسٹارزکے لیے دورئہ پاکستان کا اعلان کردیا۔

پیرس سینٹ جرمن کے سابق پلیئر لیورپول، چیلسی، مانچسٹرسٹی اور فرنچ انٹرنیشنل تالیسمین کے رْکن نکولس اینیلکا کا نام ورلڈ فٹبال اسٹارزمیں شامل کرلیا گیا۔ وہ 5 مارچ 2019کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو دوبارہ سے فعال کرنے  اور پروان چڑھانے کے لیے نکولس اینیلکا کو ورلڈ فٹبال اسٹارز میں شامل کرنے کا فیصلہ ٹچ سکئی گروپ نے وقت کی اہم ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔

نکولس کی پاکستان آمد 10 جنوری 2019 کو لاہور اورکراچی میں کاکا، فیگو اور ایکون کی شاندار تقریب رونمائی کے سلسلے کی ایک کڑی تھی، اینیلکا نے ورلڈ فٹبال ستارے کے ساتھ ایک اسٹریٹجک طویل مدتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

اینیلکا پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نئے صدر سید اشفاق شاہ سے ملاقات کریں گے اورکھیل کی ترویج کے20نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے کام شروع کریں گے، پاکستان میں فٹبال کے لاکھوں شائقین کے خوابوں کو حقیقت کا روپ ملنے میں اب زیادہ دیرنہیں، جب وہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستان کی سرزمین پر آکر نہ صرف نمائشی میچ کھیلتا دیکھیں گے بلکہ  فٹبال کو ایک نئی زندگی ملے گی جس سے پاکستان کو حقیقی معنوں میں ٹھوس نتائج حاصل ہوں گے۔

اینیلکا کا ماہرانہ تجربہ اْن کے جارحانہ کوچنگ اسٹائل پرمبنی ہے، اپنی یہ خدمات وہ حال ہی میں فرانس لیگ ون میں لٹل اوایس سی یوتھ کو پیش کر چْکے ہیں۔ یہ دورہ پی ایف ایف کے لیے تکنیکی تفہیم بڑھانے میں مدد کے لیے ٹچ سکئی گروپ، ورلڈ ساکر اسٹارز کی پارٹنرشپ سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

نیکولس اینیلکا نے کہا کہ میری شرکت سے پاکستان میں فٹبال کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور اسلام قبول کرنے کے بعد میرا پاکستان کے ساتھ خاص تعلق ہے،میرا ورلڈ فٹبال اسٹار ٹورکے ساتھ ایک خاص رشتہ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ لاہور اور کراچی میں 26 سے 29 اپریل تک کا میرا یہ ٹور اپنی نوعیت کا اہم دورہ ثابت ہوگا،  میں اپنے پرستاروں کو محظوظ کرنے کا منتظر ہوں، اس موقع پر ٹچ سکئی گروپ، ورلڈ فٹبال اسٹارز کے سربراہ رابرٹ کا کہنا ہے کہ میں فٹبال کی اصل ترقیاتی ضروریات پر تبادلہ خیال کرنے اور پی ایف ایف کے لیے کھیل کا بنیادی ڈھانچہ تشکیل دینے کے لیے خوش ہوں۔

ٹی ایس جی، ورلڈ فٹبال اسٹارز کے احمرکنور کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بنیادی سطح پر فٹبال کے مناسب ڈھانچے کو چلانے کے لیے ٹاپ ڈاون اور بوٹم اپ کا ہمارا نقطہ نظر کارگر رہے گا، اینیلکا کا دورہ پی ایف ایف کے ساتھ ڈومیسٹک لیگ ڈھانچہ کی حمایت کرنے پر ایک گہری بحث پر مشتمل ہے اور اینیلکا کی موجودگی ہمارے ارادے کو مضبوط کرتی ہے، اینیلکا کا دورہ سینچرس مال اسلام آباد میں فٹبال شائقین کے درمیان ختم ہوگا، جہاں وہ اپنے پْرستاروں کی حوصلہ افزائی، خوداعتمادی اور ورلڈ فٹبال اسٹار ٹور کے ذریعے اْن کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے اْن کے درمیان موجود رہیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔