خیبرپختونخوا کے سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران خان سے الجھ پڑے

ویب ڈیسک  جمعـء 2 اگست 2013
سیکرٹری ٹرانسپورٹ خالد عمر زئی اپنی نشست سے کھڑے ہوئے اور عمران خان کی تقریر کاٹتے ہوئے بولے کہ ہمیں کام دیں اور رزلٹ لیں۔ فوٹو: فائل

سیکرٹری ٹرانسپورٹ خالد عمر زئی اپنی نشست سے کھڑے ہوئے اور عمران خان کی تقریر کاٹتے ہوئے بولے کہ ہمیں کام دیں اور رزلٹ لیں۔ فوٹو: فائل

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کے سیکریٹریز کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران سیکرٹری ٹرانسپورٹ خالد عمر زئی عمران خان سے الجھ پڑے۔

ایکسپریس نیوز کے بیورو چیف جمشید باغوان کے مطابق پشاور میں عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں صوبے کے 26 سیکریٹریز شریک تھے۔ دوران اجلاس اچانک سیکرٹری ٹرانسپورٹ خالد عمر زئی اپنی نشست سے کھڑے ہوئے اور عمران خان کی تقریر کاٹتے ہوئے بولے کہ ہمیں کام دیں اور نتائج لیں، ہمیں زیادہ پریشان نہ کریں اور پنجاب کے اصول یہاں لاگو کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ ہماری اپنی روایات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ڈرنے والا نہیں بلکہ اصول کی بات کرنے والا ہوں۔ خالد عمرزئی نے اپنی گزشتہ پوسٹیں اور کارنامے گنوائے۔ اس موقع پر عمران خان نے اپنے جواب میں کہا کہ وہ ہمیشہ سے ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کی دور کپتانی میں بھی انہوں نے ہمیشہ ٹیم ورک کو فوقیت دی۔

دوران اجلاس عمران خان کو صوبے کے بلدیاتی نظام کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی جب کہ پارٹی کے منشور کی روشنی میں صوبے میں تعلیم کے شعبے کے لئے نیا نصاب لانے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

قبل ازیں عمران خان نے صوبے کے دورے کے دوران مختلف پارٹی میٹنگز اور ایک افطار ڈنر میں شرکت کی۔ عمران خان نے افطار میں پارٹی کے کارکنان سے خطاب کے دوران کہا کہ وہ ضمنی انتخابات میں پشاور این اے ون میں پارٹی کے امیدوار گل بادشاہ کے لئے بھرپور مہم چلائیں اور عوام سے ووٹ مانگیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔