اسکروٹنی: متاثرہ کرکٹ کلبز عدالت سے رجوع کرینگے

زبیر نذیر خان / اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 3 اگست 2013
کراچی کی 25 ٹیموں پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حق رائے دہی واپس لے لیا گیا۔   فوٹو: فائل

کراچی کی 25 ٹیموں پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حق رائے دہی واپس لے لیا گیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: پی سی بی اسکروٹنی کمیٹی کی جانب سے کے سی سی اے اور زونز کے آئندہ انتخابات میں ووٹنگ کا حق مسترد کیے جانے پر متاثرہ کلبز نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسکروٹنی کمیٹی نے گزشتہ ماہ ساتوں زونز کے 227 کرکٹ کلبز کی اسکروٹنی کے عمل کے بعد اپنی رپورٹ بورڈ کے الیکشن کمیشن کو روانہ کردی تھی، اسکروٹنی کمیٹی نے 25 کلبوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان سے حق رائے دہی واپس لے لیا، البتہ انھیں کھیلنے کی اجازت دیتے ہوئے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا تھا۔

ان میں زون 1 کے 6 ، زون 2 کے 5 ، زون 4 کا ایک، زون 6 کا ایک اور زون7 کے2 کلبز شامل تھے، بعد ازاں مذکورہ 25 میں سے 15 کلبز نے فیصلے پر کمیٹی سے اپیل کی، معاملات کا جائزہ لینے کے بعد زون 7 کے دونوں کلبز کے ووٹ کا حق بحال کر دیا گیا، ان میں شالیمار سی سی اور ناظم آباد جیمخانہ بی شامل ہیں۔

13 کلبز کی جانب سے فراہم کردہ شواہد کو ناکافی قرار دے کر اپیل مسترد کردی گئی، ان میں زون1کے خداداد جیمخانہ، خضرہ اسپورٹس، نذیر حسین جیمخانہ، نذیر حسین ینگ فائٹرز، محمد حسین جیمخانہ اور ابو ریحان سی سی، زون 2 کے گڈ لک، پاک فرمان، پاک فلیگ، منٹگمری جیمخانہ اور ینگ کوآپریٹیو، زون 4 کا پاک مجاہد اور زون 6 کا ایسٹرن اسٹارسی سی شامل ہیں، جلیل خان کی سربراہی میں سہ رکنی اسکروٹنی کمیٹی کے فیصلے کے تحت اب 227 میں سے 204 کلبز کوکے سی سی اے اور زونل انتخابات میں ووٹ کا حق حاصل ہے، ان میں زون 1 کے 13، زون 2 کے 23، زون 3 کے 22، زون 4 کے 42،زون 5 کے 18 ، زون 6 کے21 اور زون7کے20 کلبز شامل ہیں۔

ووٹ کے حق سے محروم کیے جانے پر بعض کلبز نے قانونی مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا اور جلد ہی عدالت سے حکم امتناعی کے لیے رجوع کیا جائے گا، دریں اثنا شہر قائد میں کرکٹ کے حلقوں نے پی سی بی اسکروٹنی کمیٹی کی جانب سے سخت رویہ اختیار کیے جانے پر تحفظات کا بھی اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔