امریکا میں 700 پاؤنڈ وزنی قریب المرگ مگرمچھ کو بچالیا گیا

ویب ڈیسک  اتوار 3 مارچ 2019
گولیاں لگنے کے پرانے زخموں کے سبب نڈھال مگرمچھ  آہستہ آہستہ موت کی جانب بڑھ رہا تھا جسے بچالیا گیا (فوٹو : یو ایس اے ٹو ڈے)

گولیاں لگنے کے پرانے زخموں کے سبب نڈھال مگرمچھ آہستہ آہستہ موت کی جانب بڑھ رہا تھا جسے بچالیا گیا (فوٹو : یو ایس اے ٹو ڈے)

جارجیا: امریکا میں 700 پاؤنڈ وزنی اور 13 فٹ 4 انچ  لمبے مگرمچھ کو شدید زخمی حالت میں پکڑا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست جارجیا میں وائلڈ لائف کے عملے نے ایک زخم خوردہ مگر مچھ کو پکڑا جو گولیاں لگنے کے پرانے زخموں سے نڈھال تھا اور آہستہ آہستہ موت کی جانب بڑھ رہا تھا۔

امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ مگرمچھ کی لمبائی 13 فٹ 4 انچ ہے اس کا وزن 700 پاؤنڈ ہے، اتنے وزنی مگرمچھ کبھی کبھار ہی ملتے ہیں اور اب تک ملنے والا سب سے لمبا مگرمچھ 14 فٹ 1 انچ لمبا تھا۔

مگرمچھ کو شکاریوں کی جانب سے ماضی میں کئی گولیاں ماری گئی تھیں جس کے باعث وہ نڈھال تھا تاہم امدادی اداروں نے مگرمچھ کو طبی امداد فراہم کرکے اس کی جان بچالی اور اب مگرمچھ کو چند دنوں بعد مقامی چڑیا گھر کے حوالے کردیا جائے گا۔

قبل ازیں اسی علاقے میں ایک زرد رنگ کے مگرمچھ کو بھی امداد دی گئی تھی جس کی لمبائی اور وزن بھی عام مگر مچھوں کے مقابلے میں زیادہ تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔