احمد شہزاداورعمراکمل گلیڈی ایٹرزکے اہم ہتھیار قرار

اسپورٹس رپورٹر  منگل 5 مارچ 2019
بطورمنیجردونوں کی طرف سے کبھی مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، اعظم خان

بطورمنیجردونوں کی طرف سے کبھی مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، اعظم خان

 لاہور:  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مینجمنٹ نے عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹیم کا اہم ہتھیار قرار دے دیا۔

کوچ معین خان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں سے کام لینے کا طریقہ آنا چاہیے، امید ہے کہ عمر اکمل ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے قومی ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔ منیجر اعظم خان نے کہاکہ دونوں کرکٹرز کی طرف سے کبھی مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، وہ اپنی کارکردگی سے ناقدین کو جواب دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق عمراکمل اور احمد شہزاد باصلاحیت ہونے کے باوجود اپنی کرکٹ سے زیادہ تنازعات کی وجہ سے پہچانے جاتے رہے ہیں۔

دونوں قومی ٹیم سے باہر ہیں، اس کے باوجود پی ایس ایل4کیلیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انھیں اسکواڈ میں شامل کیا تو حیرت کا اظہار بھی کیا گیا۔ پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے سلیم خالق کو خصوصی انٹرویو میں کوچ معین خان نے کہا کہ عمراکمل ہمیشہ سے ہی ایک اچھے کھلاڑی اور عام طور پر فارم میں ہوتے ہیں،مینجمنٹ کوکھلاڑیوں سے کام لینے کا طریقہ آنا چاہیے، عمرکچھ عرصے سے قومی ٹیم سے باہر ہیں، وہ اب اچھا پرفارم کررہے ہیں۔

کم بیک کے خواہاں کرکٹر کی جانب سے اس طرح  کی کارکردگی اچھی علامت اورامید ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین ہونے کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے قومی ٹیم میں واپسی کا راستہ بنائیں گے۔سابق کپتان نے کہا کہ اچھی اور خراب فارم کرکٹ کیریئر کا حصہ ہے،احمد شہزاد بحالی کیلیے کوشاں ہیں،ان کی صلاحیتوں میں کسی شک و شبہے کی گنجائش نہیں،کم بیک کیلیے انھیں کارکردگی دکھانا ہوگی۔منیجر اعظم خان نے کہا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد  کی طرف سے مجھے کبھی مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، دونوں اچھے کھلاڑی ہیں،ہمارا ان سے تقاضا تھا کہ بہتر کھیل پیش کریں اور وہ ایسا ہی کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر یہ دہراتا ہوں کہ دونوں اچھے کرکٹرز ہیں اور ہمیں ٹورنامنٹ جتوا کر اپنے ناقدین کوجواب دیں گے۔

معین، سرفرازکی قیادت کے معترف

معین خان، سرفراز احمد کی قائدانہ صلاحیتوں کے معترف ہیں،ایک سوال پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ بعض اوقات تنازعات کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہوتی ہے، سرفراز احمد کے معاملے میں بھی یہی ہوا لیکن میں نے ان کے اعتماد میں قطعی طور پر کوئی کمی نہیں دیکھی، کپتان تمام تر تنقید کو مثبت انداز میں لیتے ہوئے اپنی کارکردگی سے جواب دینے کی کوشش کرتے ہیں۔معین خان نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باصلاحیت کھلاڑیوں کی خدمات حاصل جو پورے جوش و جذبے کے ساتھ کھیل رہے ہیں، میں ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔