وسیم اکرم نے یونس کے ٹیم سے اخراج کی حمایت کردی

نمائندہ خصوصی  ہفتہ 25 اگست 2012
یوسف کم بیک کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلے،بطور کپتان حفیظ سوچتا بہت زیادہ ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

یوسف کم بیک کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلے،بطور کپتان حفیظ سوچتا بہت زیادہ ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹائونز ویل / آسٹریلیا: سابق کپتان وسیم اکرم نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلیے یونس خان کے عدم انتخاب کی حمایت کردی،ان کے مطابق سینئر بیٹسمین کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان کا ون ڈے سے اخراج غیرمتوقع نہیں ہے، ان کے مطابق ٹی ٹوئنٹی نوجوانوں کا کھیل ہے انہی کو موقع دینا چاہیے، مصباح الحق جیسے پلیئرز کو اس طرز میں نہ کھلانے کا فیصلہ بالکل درست ہے۔

وہ ٹائونز ویل میں پاکستانی صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے،وسیم اکرم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں مصباح الحق کی جگہ نہیں بنتی، یہ تیز کھیل اور نوجوانوں کو ہی چانس دینا چاہیے، دنیا بھر میں ٹیمیں سینئرز کی جگہ ینگسٹرزکو ہی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھلا رہی ہیں،یاد رہے پاکستانی سلیکٹرز نے گذشتہ عرصے مصباح کو ٹیم سے ڈراپ کر کے حفیظ کو قیادت سونپ دی تھی،ون ڈے و ٹیسٹ قائد اب تک کم بیک کیلیے پُرعزم اور اسی لیے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا ہے۔

دورئہ یو اے ای کیلیے ڈراپ شدہ یونس خان کے بارے میں سابق اسٹار نے کہا کہ تجربہ کار بیٹسمین کی حالیہ کارکردگی بھی مایوس کن تھی، گذشتہ40 میچز سے اس نے زیادہ بڑی اننگز نہیں کھیلیں، ٹاپ پلیئر کو تسلسل کے ساتھ اچھا پرفارم کرنا چاہیے ورنہ ٹیم سے باہر کرنا ہی پڑتا ہے، ٹیسٹ میں واپسی کیلیے محمد یوسف کی کوششوں پر وسیم اکرم نے کہا کہ میری اس سے بات ہوئی تھی، میں نے یہی مشورہ دیا کہ کم از کم ایک فرسٹ کلاس سیزن کھیلو اس کے بعد پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کا سوچنا۔ انھوں نے کہا کہ محمد حفیظ کی قیادت پر ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، قابلیت دکھانے کیلیے اسے مزید چند ماہ دینے چاہئیں،ویسے اب تک میں نے یہی اندازہ لگایا کہ وہ سوچتا بہت ہے حالانکہ کرکٹ ایک سادہ کھیل اور اس میں زیادہ سوچ کر نئی چیزیں لانے سے معاملات پیچیدہ ہی بنیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔