کمزور حریف کے سامنے بھارتی دیارغیر میں بھی شیر

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  اتوار 4 اگست 2013
بولاوایو: بھارتی کرکٹ کپتان ویرت کوہلی زمبابوے کیخلاف سیریز کی فاتح ٹرافی تھامے مسکرا رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

بولاوایو: بھارتی کرکٹ کپتان ویرت کوہلی زمبابوے کیخلاف سیریز کی فاتح ٹرافی تھامے مسکرا رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

بولاوایو: کمزور حریف کے سامنے بھارتی دیارغیر میں بھی شیربن گئے، ٹیم نے پانچویں ون ڈے انٹرنیشنل میں زمبابوے کو باآسانی 7 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

بیرون ملک بلو شرٹس نے پہلی بار یہ اعزاز پایا، لیگ اسپنر امیت مشرا نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے فتح میں اہم کردار ادا کیا، ٹور کے اپنے واحد میچ میں اجنکیا راہنے نے نصف سنچری بنائی۔ تفصیلات کے مطابق کوئنز اسپورٹس کلب میں مہمان ٹیم کو فتح کیلیے 164 رنز کا آسان ہدف ملا، چوتھی ہی گیند پر جاروس نے چتیشور پجارا (صفر) کی بیلز اڑا دیں، شیکھر دھون اور اجنکیا راہنے نے 55 رنز کی شراکت سے میزبان ٹیم کو سہانے خواب دیکھنے سے باز رکھا، اس میں جارح مزاج اوپنر کا حصہ 41 رنز کا رہا، انھوں نے صرف 38 گیندوں کا سامنا کیا اور 6 چوکے و 1 چھکا لگایا، یہ وکٹ بھی جاروس کو ملی، دھون کی رخصتی کے بعد راہنے نے کچھ ہاتھ کھولے۔

انھوں نے رویندرا جڈیجا کے ساتھ اسکور میں 71 رنز جوڑے، نصف سنچری مکمل ہوتے ہی راہنے کو والر نے بولڈ کر دیا،جڈیجا نے دنیش کارتھک کے ساتھ مل کر16 اوورز قبل ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا، دونوں بالترتیب 48 اور10 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،کائل جاروس نے2 وکٹوں کیلیے18 رنز دیے،قبل ازیں بھارت کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوین ٹیم 39.5 اوورز میں 163 رنز تک محدود رہی، سین ولیمز نے51 رنز بنائے، اوپنر ہیملٹن مساکیڈزا نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

پیسرز کے ابتدائی حملوں کے بعد امیت مشرا کی چکمہ دیتی گیندوں پر میزبان بیٹسمین خاصے پریشان نظر آئے، لیگ اسپنر نے48 رنز دے کر 6 پلیئرز کو میدان بدر کیا۔ یاد رہے کہ دیار غیر میں5 میچز کی سیریز میں یہ بھارت کا پہلا وائٹ واش ہے، ہوم گراؤنڈز پر ٹیم گزشتہ 5 برس میں 3 بار یہ کارنامہ انجام دے چکی،2بار انگلینڈ اور ایک مرتبہ کیوی سائیڈ اس کا نشانہ بنی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔