ورلڈکپ 1992، عالمی سطح پر صلاحیت دکھانے کا موقع ملا، ایلن ڈونلڈ

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 4 اگست 2013
1992 کے ورلڈ کپ میں کیپلر ویسلز کی آسٹریلین کنڈیشنز کی معلومات نے پروٹیز کو تیاریوں میں مدد دی، ایلن ڈونلڈ۔ فوٹو : فائل

1992 کے ورلڈ کپ میں کیپلر ویسلز کی آسٹریلین کنڈیشنز کی معلومات نے پروٹیز کو تیاریوں میں مدد دی، ایلن ڈونلڈ۔ فوٹو : فائل

ڈربن: سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر ایلن ڈونلڈ کا کہنا ہے کہ 1992 آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے مجھے عالمی سطح پر صلاحیت اور کارکردگی دکھانے کا موقع ملا۔

وہ13 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے چھٹے کامیاب بولر ثابت ہوئے تھے ، انھوں نے اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی دلائی جہاں وہ انگلینڈکیخلاف19 رنز سے ہار گئی تھی۔ پورے ٹورنامنٹ میں پروٹیز نے 9 میچز کھیلے، اسے5 میں کامیابی اور4 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ڈونالڈ نے کہاکہ 1992 ورلڈ کپ میں مجھے دنیا کے چند بہترین کھلاڑیوں کیخلاف اپنی صلاحیت کے اظہار کا چانس ملا، میں نے خود کو دنیا کے بہترین بولرز سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت کا حامل ثابت کیا۔

میں ممکنہ حد تک تیاری کے بعد ورلڈ کپ میں شریک ہوا،میگا ایونٹ سے قبل میں نے تقریباً 12 ماہ کرکٹ کھیلی، جلد ہی ایک روزہ کرکٹ کیلیے میں نے اپنا ذاتی اسٹائل بنایا اور سمجھ بوجھ اختیار کی۔ ٹیم کے سب سے پہلے ورلڈ کپ میچ میں ڈونلڈ نے 10اوورز میں 34رنز دے کر 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس نے آسٹریلیا کو9 وکٹ پر 170 رنز تک محدود رکھنے میں مدد دی، جونٹی رہوڈز ان 3 جنوبی افریقی پلیئرز میں شامل تھے جنھوں نے اس میچ میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا، ٹیم نے یہ میچ 9 وکٹ سے جیت لیا تھا۔کیریئر میں 272 ون ڈے اور 330 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے ڈونلڈ کا کہنا ہے کہ سابق کپتان کیپلر ویسلز کی آسٹریلین کنڈیشنز کی معلومات نے پروٹیز کو تیاریوں میں مدد دی،انھوں نے ہمیں ٹورنامنٹ میں شرکت پر خوفزدہ نہ ہونے کا مشورہ دیا، آسٹریلیا میں پچز نسبتاً تیز تھیں جس کا ہمیں بھی تجربہ تھا، نیوزی لینڈ کی سلو وکٹوں کیلیے ہم نے خاص تیاری کی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔