غیرملکی کمپنی نے نیب پر 500 ملین ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کر دیا

آئی این پی  اتوار 4 اگست 2013
نیب نے وزارت قانون کے منظوری سے کیس کا دفاع کرنے کیلیے برطانیہ میں لیگل فرم کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔. فوٹو: فائل

نیب نے وزارت قانون کے منظوری سے کیس کا دفاع کرنے کیلیے برطانیہ میں لیگل فرم کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔. فوٹو: فائل

لندن / اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرف سے خفیہ اثاثوں اوراکائونٹس کا کھوج لگانے والی غیر ملکی کمپنی نے معاہدے کے مطابق ادائیگی نہ ہونے پر برطانوی عدالت میں نیب کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ دائرکردیا۔

براڈ شیٹ نامی غیر ملکی کمپنی نے نیب کیخلاف500 ملین ڈالرکی ادائیگی کا کیس برطانیہ کی ایک عدالت میں دائرکرکے دعوی ٰکیا ہے کہ نیب نے اس کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کے مطابق ادائیگیاں نہیں کیں۔ جون 2000ء میں نیب اور مذکورہ کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا کہ پاکستانی شہریوں کے خفیہ اثاثوں اور اکائونٹس کی تفصیلات کا سراغ لگایا جائے گا اور ان سے وصول ہونے والی آمدن کا 5 واں حصہ نیب کمپنی کو بطورکمیشن دے گا۔

ذرائع کے مطابق 2008ء میں معاہدے کی تکمیل پرنیب نے مذکورہ بالا کمپنی کے نمائندے کو1.5 ملین ڈالر کی ادائیگی کی تاہم کمپنی نے رقم کو معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے برطانیہ کی عدالت رجوع کر لیا۔  نیب نے وزارت قانون کے منظوری سے کیس کا دفاع کرنے کیلیے برطانیہ میں لیگل فرم کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ نیب کی درخواست پر وزارت خزانہ نے لیگل فرم کو76 ملین روپے کی ادائیگی کی منظوری دیدی ہے۔ دوسری جانب نیب کے ڈپٹی چیئرمین نے نیب کو76ملین روپے کی ادائیگی سے روک دیااور اس معاملہ پروزارت قانون سے قانونی رائے لینے کی ہدایت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔