کراچی حصص مارکیٹ میںمندی،41پوائنٹس گرگئے

بزنس رپورٹر  ہفتہ 25 اگست 2012
انڈیکس15039پوائنٹس پربند،6ارب کانقصان،31کروڑ51لاکھ حصص کا لین دین۔ فوٹو : فائل

انڈیکس15039پوائنٹس پربند،6ارب کانقصان،31کروڑ51لاکھ حصص کا لین دین۔ فوٹو : فائل

کراچی: کراچی اسٹاک ایکس چینج کی کاروباری سرگرمیوں میں جمعہ کو مندی کا رجحان رہا، مارکیٹ کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور بنچ مارک کے ایس ای 100انڈیکس ایک موقع پر 15162.05 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کے باعث انڈیکس کم ہوکر ایک موقع پر 15009.08 پوائنٹس کی سطح پر آگیا تاہم کاروبار کا اختتام 41.37پوائنٹس کمی سے 15039.18پوائنٹس ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس42.83 پوائنٹس کمی سے 12860.05 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 170.02 پوائنٹس کمی سے 26458.11 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم جمعرات کے مقابلے میں زیادہ رہا، جمعرات کو 22 کروڑ 21لاکھ 95ہزار حصص کا کاروبار ہوا تھا جبکہ جمعہ کو 31کروڑ 51لاکھ 6ہزار حصص کا کاروبار ہوا۔ مارکیٹ کے مجموعی سرمائے کی مالیت 6ارب روپے کمی سے 38 کھرب 38ارب روپے کی سطح پر آگئی، مجموعی طور پر 316 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں 172 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 125کی قیمتوں میں کمی اور 19کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا، لفرج پاکستان 3 کروڑ 89 لاکھ حصص کے سودوں کے ساتھ سرفہرست رہی، دیگر نمایاں کمپنیوں میں فلائنگ سیمنٹ، جہانگیر صدیقی کمپنی، پیس پاک لمیٹڈ، پی ٹی سی ایل، ورلڈ کال ٹیلی کام، ٹریٹ کارپوریشن، بینک اسلامی، یونی لیور فوڈ، رفحان میز اور باٹا پاکستان شامل رہے۔ یونی لیور فوڈ اور باٹا پاک حصص کی قیمت میں اضافے کے لحاظ سے نمایاں رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔