نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین وآرائش کا کام آخری مراحل میں داخل

زبیر نذیر خان / اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 7 مارچ 2019
8پی ایس ایل میچز کیلیے5 وکٹوں کی تیاری ، سیکیورٹی کے انتظامات سخت کردیے گئے۔ فوٹو: فائل

8پی ایس ایل میچز کیلیے5 وکٹوں کی تیاری ، سیکیورٹی کے انتظامات سخت کردیے گئے۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پاکستان سپر لیگ فورکے فائنل سمیت 8 میچزکیلیے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری تزئین وآرائش کاکام آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔

گزشتہ 2برس سے جاری نیشنل اسٹیڈیم میں جاری تزئین وآرائش کے کام میں اب نوک پلک درست کی جارہی ہے تاہم چھت کی مکمل طور پر تنصیب کا عمل ممکن نہیں ہوسکے گا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ جنرل انکلوژرز کے لیے چھتوں کی تنصیب مکمل ہوگئی لیکن وسیم اکرم کے نام سے منسوب پریمیئرکلاس انکلوژر کا ٹکٹ رکھنے والے شائقین کرکٹ چھت سے محروم ہوں گے ، اسی طرح وقار حسن اورآصف اقبال کے نام سے 2 فرسٹ کلاس انکلوژرزکے تماشائی بھی چھت نہ ہونے پرموسم کے رحم وکرم پر ہوں گے،اسٹیڈیم کے مختلف حصوں میں بجلی کی وائرنگ ہنوزجاری جبکہ اندرونی حدود میں ہونے والے تعمیراتی کام کا ملبہ تیزی سے اٹھایا جارہا ہے۔

دوسری جانب میچزکے لیے وکٹ کی تیاری کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ پی سی بی کے چیف کیوریٹرآغا زاہدکی زیرنگرانی 8 میچز کے لیے5 وکٹیں تیارکی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وکٹیں بیٹنگ کے لیے سازگار ہوں گی اورشائقین کرکٹ کو چوکوں اور چھکوں کی برسات دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

ادھرنیشنل اسٹیڈیم میں سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کردیا گیا،کسی بھی شخص کو قومی شناختی کارڈ دکھائے بغیرداخلے کی اجازت نہیں جبکہ ہنگامی صورتحال میں رینجرز اور پولیس کی مدد کے لیے پاک فوج کا چاق وچوبند دستہ بھی اسٹیڈیم پہنچ گیا ہے،آئی جی سندھ کلیم امام نے بھی نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔