کراچی کنگز کو پیش قدمی جاری رکھنے کیلیے ایک فتح درکار

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 7 مارچ 2019
 یو اے ای میں 26 میچزکی تکمیل،واٹسن332رنزبناکربیٹسمینوں میں سب سے آگے،حسن 18وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولر۔ فوٹو: فائل

 یو اے ای میں 26 میچزکی تکمیل،واٹسن332رنزبناکربیٹسمینوں میں سب سے آگے،حسن 18وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولر۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  پی ایس ایل فور میں پیش قدمی جاری رکھنے کیلیے کراچی کنگزکوایک فتح درکار ہے۔

پی ایس ایل 4کے یو اے ای میں 26 میچز مکمل ہوچکے، لیگ مرحلے کے مزید 4 مقابلے کراچی میں ہوں گے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ابھی تک ایونٹ کی کامیاب ترین ٹیم ثابت ہوئی ہے، اسے9میں سے صرف2میچز میں شکست ہوئی اور 14 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

پشاور زلمی نے اتنے ہی مقابلوں میں 6 فتوحات کے ساتھ 12پوائنٹس جوڑ کر دوسرے نمبر پر جگہ بنائی، یہ ٹیمیں پلے آف مرحلے میں اپنی جگہ پکی کر چکی ہیں۔ دونوں کو اب کراچی کنگز کا سامنا کرنا ہے، ان مقابلوں کے نتائج پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست ٹیم کو تبدیل کر سکتے ہیں۔

تیسری پوزیشن پر موجود اسلام آباد یونائیٹڈ کے9میچزمیں8 پوائنٹس ہیں، کراچی کنگز نے 8 مقابلوں میں اتنے ہی پوائنٹس جوڑے لیکن نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے چوتھے نمبر پر ہے، لاہور قلندرز نے8میں سے صرف3میچز جیتے اور 6پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔

ملتان سلطانز کا صرف ایک میچ باقی اور پوائنٹس 4 ہیں، آخری مقابلے میں فتح اور شکست سے قطع نظر شعیب ملک الیون کا پی ایس ایل 4میں سفر تمام ہو چکا، پوائنٹس ٹیبل کی موجودہ پوزیشن کے مطابق کراچی کنگز کی 2 میں سے ایک میچ میں فتح بھی فائنل فور میں رسائی کا پیغام لاسکتی ہے۔ لاہور قلندرز کو اسلام آباد اور ملتان سلطانز دونوں کو شکست دینے پر ایونٹ میں پیش قدمی جاری رکھنے کا موقع ملے گا۔

دوسری جانب ایونٹ میں ابھی تک سب سے زیادہ 332رنز شین واٹسن نے بنائے ہیں، اس کے بعد لیوک رونکی 297، لیام لیونگ اسٹون 280، شعیب ملک 266 اور رلی روسو 235 رنز کے ساتھ ٹاپ 5میں شامل ہیں، عمراکمل 228، کولن انگرام 226، بابر اعظم 224، اے بی ڈی ویلیئرز 218، جیمز ونس 206 اور آصف علی 202 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

ایونٹ کی واحد سنچری کولن انگرام نے بنائی ہے، بولرز میں حسن علی 18وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، سہیل تنویر 14، فہیم اشرف13، حارث رؤف اور وہاب ریاض11، 11، سندیپ لامی چینے، راحت علی، عمر خان اور محمد نواز 10، 10 جبکہ محمد عامر اور فواد احمد 9،9شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ایک اننگز میں بہترین بولنگ لامی چینے کی رہی،نیپالی اسپنر نے صرف 10رنز دے کر 4وکٹیں اڑادی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔