خوف کی فضا چھٹ گئی، غیر ملکی ستارے کراچی میں جگمگائیں گے

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 7 مارچ 2019
روسو، براوو اور فواد بھی آئینگے،اسلام آباد یونائیٹڈ کے رونکی، ڈیلپورٹ،سالٹ اور پٹیل نیشنل اسٹیڈیم کی رونق بڑھائیں گے۔ فوٹو: فائل

روسو، براوو اور فواد بھی آئینگے،اسلام آباد یونائیٹڈ کے رونکی، ڈیلپورٹ،سالٹ اور پٹیل نیشنل اسٹیڈیم کی رونق بڑھائیں گے۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  خوف کی فضا چھٹ گئی، غیر ملکی ستارے جگمگائیں گے جب کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 4میں شریک بیشترفارن کرکٹرزکراچی آنے کو تیار ہوگئے۔

دبئی، شارجہ اور ابوظبی میں مجموعی طور پر 26میچز کے ساتھ پی ایس ایل 4کا یواے ای میں سفر تمام ہوا، اب چوکوں، چھکوں کی برسات کراچی میں ہوگی۔ پہلے روز 9مارچ کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائٹیڈ کا مقابلہ ہونا ہے،11مارچ تک مزید 3میچز کے ساتھ لیگ مرحلہ مکمل اورپھر پلے آف مقابلوں کا سلسلہ شروع ہوجائیگا، فائنل 17مارچ کو ہونا ہے۔

پاکستانی شائقین کی سب سے بڑی دلچسپی اس بات میں ہے کہ اس بار کون سے انٹرنیشنل اسٹارز کراچی کے افق پر جگمگاتے ہیں،سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی گزشتہ ایڈیشنز میں مجموعی کارکردگی اچھی رہی لیکن غیر ملکی کرکٹرز کے پاکستان آنے سے انکار کی وجہ سے ٹیم کا کمبی نیشن متاثر ہوتا رہا۔

اس بار رلی روسو، ڈیوائن براوو اور فواد احمد نے حامی بھرلی لیکن گزشتہ سال کی طرح شین واٹسن کا ارادہ متزلزل نظر آرہا تھا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے بھی ہار نہیں مانی اور آسٹریلوی آل راؤنڈر کو کراچی آنے پر آمادہ کرنے کیلیے کوشاں رہے۔

بالآخر اس کوشش میں کامیابی حاصل ہوئی اور شین واٹسن نے اپنی فیملی سے مشاورت کے بعد ہاں کر دی، بعد ازاں انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اس فیصلے کی تصدیق بھی کردی، آسٹریلوی آل راؤنڈر سمیت غیر ملکی کرکٹرز اتوار کو کراچی کنگز کیخلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 4کیلیے ای این بیل کی خدمات حاصل کیں، انگلش بیٹسمین پاکستان آنے کیلیے تیار بھی تھے لیکن ان فٹ ہونے کے بعد وطن واپس جا چکے،اس فرنچائز میں شامل دیگر تمام غیر ملکی کرکٹرز لیوک رونکی،کیمرون ڈیل پورٹ، فل سالٹ اور سمت پٹیل نیشنل اسٹیڈیم کی رونقوں میں اضافہ کریں گے۔

کراچی کنگز کے کرس جورڈن اور ڈیوڈ میلان ویسٹ انڈیز سے سیریز کیلیے انگلش اسکواڈ میں منتخب ہوگئے تھے،البتہ ٹیم کو دیگر غیر ملکی اسٹارز کی خدمات میسر ہونگی، ان میں کولن منرو، کولن انگرام، لیام لیونگ اسٹون، سکندر رضا  اور روی بوپارا شامل ہیں۔پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی اسٹارز پاکستان میں جلوے بکھیرنے کیلیے تیار ہیں۔

ان میں ڈیرن سیمی، لیام ڈاؤسن، آندرے فلیچر، وائن میڈسن اور کیرون پولارڈ موجود ہیں۔ لاہور قلندرز کے اے بی ڈی ویلیئرز نے کمر کی تکلیف کو جواز بناتے ہوئے پاکستان جانے سے معذرت کرلی تھی، کورے اینڈرسن نے پہلے ہی دورے سے انکار کردیا،کارلوس بریتھ ویٹ ویسٹ انڈیز ٹیم میں شامل ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل چھوڑ کر چلے گئے تھے،دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد متوقع ہے، اسکواڈ میں اینٹن ڈیوچ،ڈیوڈ ویز،سندیپ لامی چینے اور برینڈن ٹیلر جیسے کرکٹرز شامل ہیں۔

مسلسل شکستوں سے دوچار ملتان سلطانز پلے آف سے باہر ہو چکے، ٹیم کا صرف ایک میچ لاہور قلندرز کیخلاف ہے،آندرے رسل انگلینڈ سے سیریز کیلیے ویسٹ انڈین ٹیم میں منتخب ہونے کے بعد یواے ای سے رخصت ہوگئے تھے۔

مینجمنٹ کے مطابق دیگر تمام غیر ملکی کرکٹرز پاکستان جا رہے ہیں، ان میں جانسن چارلس،جیمز ونس،ڈینئیل کرسٹیان اور ٹام مورز شامل ہیں، بیشتر ٹیمیں جمعرات اور جمعے کو مختلف پروازوں سے آنے کے بعد شہر قائد میں پڑاؤ ڈال دیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔