حادثے کے بعد خاتون انگریزی بولنا بھول گئیں

ویب ڈیسک  جمعـء 8 مارچ 2019
امریکی نژاد جرمن خاتون ایک حادثے کے بعد انگریزی بولنا بھول چکی ہے اور اپنی مادری زبان جرمن میں بات کرتی ہیں (فوٹو: بشکریہ بی بی سی)

امریکی نژاد جرمن خاتون ایک حادثے کے بعد انگریزی بولنا بھول چکی ہے اور اپنی مادری زبان جرمن میں بات کرتی ہیں (فوٹو: بشکریہ بی بی سی)

 واشنگٹن: کیا آپ یقین کریں گے کہ ایک خاتون حادثے کے بعد انگریزی بولنا بھول گئیں اور وہ صرف اپنی پہلی مادری زبان جرمن میں ہی بات کرتی ہیں۔  

کچھ ماہ قبل ہینا اپنے ساتھی کے ساتھ امریکی پرفضا مقام پر سائیکل میں جارہی تھیں کہ اچانک وہ حادثے کی شکار ہوگئیں۔ ہینا 32 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اسپورٹس سائیکل پر تھیں کہ وہ ایک اور سائیکل سوار سے ٹکراکر بے ہوش ہوگئیں۔ جب انہیں ہوش آیا تو وہ ہسپتال میں تھیں اور انہیں لوگوں کی گفتگو سمجھ نہیں آرہی تھی۔

پھر ہینا کی بہن کو بلایا گیا جس نے جرمن زبان میں گفتگو کی تو اسے احساس ہوا کہ وہ انگریزی زبان بھول چکی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہینا کے والدین جرمن تھے اور بچپن میں انہوں نے جرمن زبان سیکھی تھی اور اس کے بعد انگریزی سے واقفیت حاصل کی۔

نیورو سرجن اور دماغی امراض کے ماہر ڈاکٹر کولن شائف نے کہا کہ ہینا ایک مرض کی شکار ہوگئی ہیں جسے ’سیکنڈری لینگویج لوس‘ کہتے ہیں اس عجیب کیفیت میں مبتلا مریض دوسری زبان بھول جاتا ہے، انسانی دماغ اتنا حساس ہے کہ وہ بعض الفاظ ادا کرنا بھول جاتا ہے لیکن بچپن میں سیکھی ہوئی زبان اور گفتگو یاد رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ہینا کو نارمل ہونے یا انگریزی سے رجوع کرنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ اگرچہ اب ان اس واقعے کو تین سال گزرچکے ہیں لیکن ہینا کی انگریزی بولنے اور سمجھنے کی صلاحیت مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔