بنگلہ دیش کا پاکستانی اسکاؤٹس کو ویزا دینے سے انکار

صفدر رضوی  جمعـء 8 مارچ 2019
آج سے ڈھاکہ میں شروع ہونے والی ’’انٹرنیشنل جمبوری‘‘ پاکستانی اسکاؤٹس کی نمائندگی کے بغیرہی شروع کی جارہی ہے۔ فوٹو:فائل

آج سے ڈھاکہ میں شروع ہونے والی ’’انٹرنیشنل جمبوری‘‘ پاکستانی اسکاؤٹس کی نمائندگی کے بغیرہی شروع کی جارہی ہے۔ فوٹو:فائل

 کراچی: بنگلہ دیش کی حکومت نے افغانستان کی طرزپرپاکستانی اسکاؤٹس کے ویزے جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے ویزے کے لیے گئے ہوئے پاسپورٹ سندھ بوائز اسکاؤٹس کوواپس کردیے ہیں۔

بنگلہ دیش کی حکومت نے افغانستان کی طرزپرپاکستانی اسکاؤٹس کے ویزے سیکیورٹی اورپولیس کلیئرنس سے مشروط کردیے ہیں اورکراچی میں قائم بنگلہ دیش ہائی کمیشن نے بنگلہ دیش حکومت کی پالیسی کاعذرپیش کرتے ہوئے ویزے جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے ویزے کے لیے گئے ہوئے پاسپورٹ سندھ بوائز اسکاؤٹس کوواپس کردیے ہیں جس کے سبب آج سے ڈھاکہ میں شروع ہونے والی ’’انٹرنیشنل جمبوری‘‘ پاکستانی اسکاؤٹس کی نمائندگی کے بغیرہی شروع کی جارہی ہے۔

’’ایکسپریس‘‘کومعلوم ہواہے کہ بنگلہ دیشن کے شہرٖڈھاکہ میں7 روز تک جاری رہنے  والی ’’تیسری سینسواسکاؤٹس جمبوری‘‘(3rd SANSOO Scout Jamboree)8مارچ سے شروع ہونی تھی جس کے لیے بنگلہ دیش اسکاؤٹس کی جانب سے دنیاکے دیگرممالک کی طرح پاکستان سے بھی اسکاؤٹس کوشرکت کی باقاعدہ دعوت دی گئی تھی۔

بنگلہ دیش اسکاؤٹس ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے اس سلسلے میں دعوت نامہ موصول ہونے کے بعد پاکستان بوائز اسکاؤٹس نے سندھ سے 10اسکاؤٹس کوجمبوری میں شرکت کے لیے نامزدکیاتھااورمتعلقہ اسکاؤٹس کی دستاویزویزے کے لیے بنگلہ دیش ہائی کمیشن کوبھجوائی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ڈیڑھ برس سے پاکستان بوائز اسکاؤٹس کی نیشنل کونسل کااجلاس نہ ہونے کی سبب چیف کمشنراورانٹرنیشنل کمشنرکا انتخاب نہیں ہوسکا جس کے باعث اسکاؤٹس کودیگرممالک سے رابطہ میں شدیدمشکلات کاسامناہے پاکستان میں یہ 2اہم اسامیاں گزشتہ ڈیڑھ برس سے خالی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔