بارش سے آسٹریلیا کے رنگ میں بھنگ پڑنے کا خدشہ

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  پير 5 اگست 2013
اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ کے چوتھے دن آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ کے دلفریب اسٹروک پر انگلش فیلڈر زکیچ تھامنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ، مہمان بیٹسمین 24رنز بنا کر اسپنر گریم سوان کی گیند پر بولڈ ہوگئے، کینگروز نے دن کے اختتام پر 7وکٹ گنوا کر172رنز جوڑ کر اپنی مجموعی سبقت کو 331تک پہنچا دیا۔ فوٹو: اے ایف پی

اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ کے چوتھے دن آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ کے دلفریب اسٹروک پر انگلش فیلڈر زکیچ تھامنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ، مہمان بیٹسمین 24رنز بنا کر اسپنر گریم سوان کی گیند پر بولڈ ہوگئے، کینگروز نے دن کے اختتام پر 7وکٹ گنوا کر172رنز جوڑ کر اپنی مجموعی سبقت کو 331تک پہنچا دیا۔ فوٹو: اے ایف پی

مانچسٹر: اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں بارش کی پیشگوئی سے آسٹریلیا کے رنگ میں بھنگ پڑنے کا خدشہ ہے۔

سیریز میں 0-2 کے خسارے میں موجود کینگروز کی پوری کوشش یہ میچ جیت کر سیریز میں واپسی یقینی بنانے پر ہے، تاہم چوتھے دن بارش کی مداخلت نے پہلے پہل چائے کا وقفہ قبل از وقت کیے جانے پر مجبور کیااور پھر کھیل بھی مقررہ وقت سے  قبل ختم کرنا پڑگیا، جس پر آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک ناخوش دکھائی دیے، پیر کو بھی شہر میں بارش کی مزید پیشگوئی نے انگلینڈ کو طمانیت فراہم کردی ہے، چوتھے دن کھیل ختم کیے جانے پر آسٹریلیا نے 7وکٹ پر 172رنز بناکر اپنی مجموعی سبقت 331 تک پہنچادی ، تاہم فیلڈ امپائرز ماریسس ایرسمس اور ٹونی ہل نے مقامی وقت کے مطابق چار بجکر26 منٹ پر کھیل روکنے کا حکم صادر کردیا۔

اولڈ ٹریفورڈ میں چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ 294رنز چار وکٹ انگلینڈ نے 2008 میں نیوزی لینڈ کیخلاف اسکور کیے تھے، سیریز میں واپسی کیلیے آسٹریلوی ٹیم اس میچ کو نتیجہ خیز بنانا چاہے گی،انگلینڈ کو پانچ  میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے، ڈرا مقابلہ آسٹریلیا کے ایشز ٹرافی واپس ساتھ لے جانے کا امکان ختم کردے گا، پیر کو بھی اسی میدان پر مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے،159رنز کی سبقت پانے والے آسٹریلیا کی دوسری اننگز کا آغاز زیادہ پراعتماد نہیں رہا، براڈ اور پرائر کی جوڑی نے حریف اوپنر کرس روجرز کو جلد ہی قابو کرلیا، وہ محض12رنز بناسکے، گیند ان کے بیٹ کا باہری کنارا چھوتی ہوئی پہلی سلپ کی جانب گئی جس پر پرائر نے ڈائیو لگاکر شاندار کیچ تھام لیا، ڈیوڈ وارنر کی وکٹ پر آمد کے موقع پر ایک مرتبہ پھر انگلش شائقین نے ہوٹنگ کی، لیفٹ ہینڈر نے 57 گیندوں پر 41رنز جوڑ کر اپنی افادیت ثابت کی لیکن اس کے بعد وہ ٹم بریسنن کی گیند پر ڈیپ پوزیشن پر اپنے ’ دوست ‘ جوئے روٹ کا کیچ بن گئے۔

اس کے بعد عثمان خواجہ (24) کو بھی سوان نے اپنی جادوگری کی بدولت پویلین چلتا کردیا، اس موقع پر کینگروز کا اسکور 99رنز تھا، ریگولر اوپنر شین واٹسن کو چوتھے نمبرپر موقع دیاگیا، لیکن وہ 18رنز بنانے کے بعد بریسنن کی گیند پر اپرکٹ اسٹروک کھیلتے ہوئے تھرڈ مین پوزیشن پر پیٹرسن کو کیچ دے بیٹھے، بعدازاں اسٹیون اسمتھ غیرضروری رن لینے کی کوشش میں وکٹ گنوابیٹھے، انھوں نے 19رنز بنائے، بریڈ ہیڈن (8) کو اینڈسن نے براڈ کی مدد سے پویلین چلتا کیا جبکہ 11 رنز بنانے والے مچل اسٹارک بھی اینڈرسن کا شکار بنے، تاہم اس مرتبہ کیچ سوان کے حصے میں آیا، کم روشنی اور خراب موسم کے سبب چوتھے دن کھیل ختم کیے جانے تک آسٹریلیا نے 7وکٹ پر 172رنز جوڑے، کپتان مائیکل کلارک30 پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ ریان ہیرس نے ابھی کھاتہ نہیں کھولا ہے۔

اس سے قبل انگلینڈ نے چوتھے دن کے آغاز پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فالوآن کا خطرہ ٹالا، میزبان ٹیم نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 7وکٹ 294رنز سے جاری کی، دن کی شروعات پر انگلینڈ کو فالوآن کا خطرہ ٹالنے کیلیے مزید 34رنز درکار تھے، تاہم آٹھویں وکٹ کیلیے میٹ پرائر(30) اور اسٹورٹ براڈ(32) نے 58رنز کی ساجھے داری بناکر ٹیم کی یہ مشکل تو آسان کردی، 338 کے ٹوٹل پر براڈ نے پویلین واپسی اختیار کرلی، آسٹریلوی اسپنر ناتھن لیون کی گیند پر وکٹوں کے عقب میں بریڈ ہیڈن نے ان کا کیچ تھامنے میں کوئی غلطی نہیں کی، انھوں نے امپائر ٹونی ہل کی جانب سے انگلی فضا میں بلند کیے جانے کی پروا ہ کیے بغیر پویلین واپسی کی راہ لے لی، پرائر انگلش ٹیم کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی ثابت ہوئے، انگلش ٹیم 368 پر آل آؤٹ ہوگئی، سڈل نے 29.3 اوورز میں 63رنز کے عوض4وکٹیں اپنے نام کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔