ورلڈ سوئمنگ چیمپئن شپ، امریکا کی کیٹی نے 4 گولڈ میڈلز قبضے میں کرلیے !!!

اسپورٹس ڈیسک  پير 5 اگست 2013
 کیٹی لیڈیسکی  نے ورلڈ 800 میٹر میں ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا.   فوٹو: اے ایف پی

کیٹی لیڈیسکی نے ورلڈ 800 میٹر میں ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا. فوٹو: اے ایف پی

بارسلونا: امریکا کی کیٹی لیڈیسکی تین فری اسٹائل ایونٹس جیتنے والی پہلی خاتون تیراک بن گئیں۔

کیٹی لیڈیسکی  نے ورلڈ 800 میٹر میں ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا، ورلڈ چیمپئن شپ میں اس سے قبل وہ 400 میٹر فری اسٹائل اور 1500 میٹر فری اسٹائل مقابلوں میں بھی گولڈ میڈل اپنے قبضے میں کرچکی ہیں،تاہم 800 میٹر میں ان کے بعد ڈنمارک کی لوشے فیرس دوسرے اور نیوزی لینڈ کی لورین بوائل نے تیسری پوزیشن پائی، 16 سالہ لیڈیسکی نے مقررہ فاصلہ 8 منٹ13.86 سیکنڈز میں طے کرکے نیا ورلڈ ریکارڈ بنادیا۔

اس کے علاوہ انھوں نے 4×200 میٹر فری اسٹائل ریلے میں بھی امریکی ٹیم کی گولڈ میڈل فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، اس طرح وہ ابتک ایونٹ میں چار طلائی تمغے اپنے نام کرچکی ہیں۔دوسری جانب روتا میلیوتا نے چیمپئن شپ میں دوسرا ورلڈ ریکارڈ بناڈالا، انھوں نے ویمنز 50 میٹر بریسٹ اسٹروک سیمی فائنل میں ہفتے کو مقررہ فاصلہ 29.48 سیکنڈز میں طے کیا، ان سے قبل ہفتے کی ہی صبح روس کی یولینا ایفیموا نے ہیٹس میں یہ فاصلہ 29.78 سیکنڈز میں طے کیا تھا، میلیوتا اس سے قبل 100 میٹر میں بھی ریکارڈ بناچکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔