کیفلیفورنیا ویمنز ٹینس، آذرنیکا اور سمانتھا اسٹوسر میں ٹرافی کی جنگ

اسپورٹس ڈیسک  پير 5 اگست 2013
واشنگٹن اوپن میں دفاعی چیمپئن میگدیلینا ریبریکووا اور جرمن پلیئر آندریا پیٹکووک کی فائنل میں رسائی، ڈیل پوٹرو اور اسنر بھی ٹائٹل کیلیے آمنے سامنے۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

واشنگٹن اوپن میں دفاعی چیمپئن میگدیلینا ریبریکووا اور جرمن پلیئر آندریا پیٹکووک کی فائنل میں رسائی، ڈیل پوٹرو اور اسنر بھی ٹائٹل کیلیے آمنے سامنے۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

کارلسباڈ / کیلیفورنیا: جنوبی کیلیفورنیا اوپن ٹینس میں ٹرافی کیلیے ٹاپ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا اور سابق یوایس چیمپئن سمانتھا اسٹوسر میں جنگ ہوگی۔

پانچ سیڈ آسٹریلوی پلیئر اسٹوسر نے سیمی فائنل میں فرنچ حریف ورجینیا روزانو کے شاندار سفر کا خاتمہ کیا جبکہ بیلاروس کی آذرنیکا نے سربیا کی سابق ورلڈ نمبرون اینا ایوانووک کو واپسی کا پروانہ تھمادیا۔واشنگٹن اوپن میں دفاعی چیمپئن میگدیلینا ریبریکووا اور جرمن پلیئر آندریا پیٹکووک نے فائنل میں جگہ بنالی، ایکٹرینا ماکارووا اور اینا ایوانووک کی ہمت سیمی فائنلز میں جواب دے گئی، مینز سنگلز میں جوآن مارٹن ڈیل پوٹرواور جون اسنر نے ٹائٹل میچ میں رسائی حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق کیلیفورنیا ویمنز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ٹائٹل کی جنگ ٹاپ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا اور آسٹریلین پلیئر سمانتھا اسٹوسر کے درمیان ہوگی، تین دن قبل اپنی 24ویں سالگرہ منانے والی بیلاروسی اسٹار آذرنیکا نے سیمی فائنل میں 7 سیڈ سربیا کی اینا ایوانووک  کو 6-0،4-6 اور 6-3 سے ٹھکانے لگادیا۔

دوران میچ آذرنیکا کو اپنے دائیں گھٹنے میں کوئی تکلیف پیش نہیں آئی، اس انجری کی وجہ سے انھیں ومبلڈن میں جلد باہر ہونا پڑگیا تھا، اسی طرح ان کے مقابل آنے والی ایناایوانووک نے بھی ابتدائی سیٹ ہارنے کے بعد دوسرا سیٹ جیت کر مقابلے میں واپسی کا ارادہ ظاہر کیا، لیکن بیلاروسی پلیئر کے کھیل کے سامنے ان کی دال نہیں گلی، تیسرے سیٹ میں 2-2 سے مقابلہ برابر ہوجانے کے بعدآذرنیکا ان پر غالب آگئیں، آذرنیکا کو کیریئر کا 17واں اور سیزن کا تیسرا ٹائٹل جیتنے کی لگن لگی ہوئی ہے، اسٹوسر نے پہلے سیٹ میں 0-4 کا خسارہ ملنے کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے فرانس کی ورجینیا روزانو کو 7-6(7/2( اور 6-3 سے میدان مارلیا، اسٹوسر سیزن میںپہلی مرتبہ کسی ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوپائی ہیں۔

یوایس اوپن ٹرافی کے بعد سے اب تک وہ کوئی ٹائٹل نہیں جیت پائی ہیں، تاہم آذرنیکا سے اب تک کھیلے گئے 8 باہمی مقابلوں میں اسٹوسر ہر مرتبہ ناکام رہی ہیں لیکن شاید وہ اس مرتبہ تاریخ کو بدل دیں۔ دوسری جانب واشنگٹن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز سیمی فائنلز میں دفاعی چیمپئن سلواکیہ کی میگدیلینا ریبریکووا نے تھرڈ سیڈ ایکٹرینا ماکارووا کو 6-2،6-0 سے مات دے دی، جرمنی کی آندریا پیٹکووک نے 4 سیڈ فرنچ حریف آلیز کورنیٹ کو 7-5،6-3 سے پچھاڑ کر فائنل میں جگہ بنائی۔

مینز سنگلز سیمی فائنلز جون اسنر نے روس کے دیمتری ترسنوف کو 6-7(7/9)،6-3 اور 6-4 سے ہرادیا، ٹاپ سیڈ جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے جرمن حریف ٹامی ہاس کو 7-6(7/4) اور 6-3 سے قابو کرلیا، ان کا میچ بارش کے سبب ابتدا میں تین گھنٹے تک تعطل کا بھی شکار رہا تاہم بارش 2009 کے یوایس اوپن چیمپئن ڈیل پوٹرو کیلیے رحمت ثابت ہوئی، بارش کے سبب ان کا میچ پہلے سیٹ میں تین گھنٹے کیلیے روکنا پڑا اس وقت انھیں سیٹ میں 1-4 کا خسارہ تھا، تاہم بارش تھمنے کے بعد کھیلے گئے چاروں گیمز انھوں نے جیت کر مقابلے کو ٹائی بریکر تک پہنچایا، وقفے کے بعد ان کا کھیل انتہائی شاندار رہا، ان کے فورہینڈ اسٹروکس جرمن حریف ٹامی ہاس کیلیے مشکل ثابت ہوئے، ڈیل پوٹرو یہاں پر 2008 اور 2009 میں بھی چیمپئن بن چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔