23 میٹرک ٹن مصنوعی زیورات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

احتشام مفتی  ہفتہ 9 مارچ 2019
زیورات بھارت سے ایران کے راستے کراچی پہنچے، مالیت1کروڑ 75لاکھ 60 ہزار، ڈرائیور گرفتار۔ فوٹو: فائل

زیورات بھارت سے ایران کے راستے کراچی پہنچے، مالیت1کروڑ 75لاکھ 60 ہزار، ڈرائیور گرفتار۔ فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان کسٹمز اے ایس او نے بھارت سے ایران کے راستے کراچی پہنچنے والی 23 میٹرک ٹن مصنوعی زیورات اسمگل کرنیکی کوشش ناکام بنادی۔

ڈپٹی کلیکٹر اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن فیصل خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملک میں پہلی بار بھارتی مصنوعی زیورات کی اتنی بڑی مقدار پکڑی گئی ہے جس کی مالیت 1کروڑ 75لاکھ 60ہزار روپے ہے۔

کسٹمز اے ایس او کو ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کوئٹہ سے آنے والے ٹرک نمبر زیڈ 2063 پر لدے 40 فٹ کے کنٹینر میں بھارتی آرٹیفیشل جیولری موجود ہے جس کی بناوٹ ایرانی طرز کی ہے اس اطلاع پر کسٹمز پریونٹو اے ایس او حکام نے سپرہائی وے پر جانچ پڑتال سخت کر دی، اس دوران مذکورہ نمبر کے ٹرک کو روک کر ایگزامنیشن کی گئی تو کنٹینر میں رکھے گئے 390 کاٹنز میں بھارتی مصنوعی زیورات اور تقریباً 17لاکھ روپے مالیت کے بھارتی ہیئر ربنز کی برآمدگی ہوئی، حکام نے ٹرک ڈرائیور سے متعلقہ دستاویزات طلب کیے۔

دستاویزات میں صرف مصنوعی جیولری کا اندراج تھا لیکن پروڈکٹ کا اوریجن درج نہیں تھا جس پر حکام نے مقدمہ درج کر کے مال ضبط کر لیا اور ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔

اسی طرح پاکستان کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ آر اینڈ ڈی نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر جمعے کو ایک کارروائی کے دوران متحدہ عرب امارات سے ٹرانس شپمنٹ کنسائمنٹ کی موصولہ ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ ٹرانس شپمنٹ کنٹینر میں پرانے آٹو پارٹس کی آڑ میں موبائل فونز، ٹیبلٹس، سیٹلائٹ ڈش ریسیورز، سی سی ٹی وی کیمرے، کاپر ریفریجریشن ٹیوب، بال بیرنگز، سرکٹ بریکرز، فنگر پرنٹس اسکینرز، ڈائلیسس مشینز کو اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس سے قومی خزانے کو ریونیو کی مد میں 6 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ کلکٹر کسٹم اپریزمنٹ ویسٹ واجد علی کو موصول ہونے والی ایک خفیہ اطلاع پرمذکورہ چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔