سٹی اور کینٹ اسٹیشن سے ٹکٹ بلیک کرنیوالے 6 ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  پير 5 اگست 2013
ایس پی ریلوے نے مبینہ غفلت پر کینٹ ریلوے تھانے کے56 ملازمین کو لائن حاضر کردیا. فوٹو: فائل

ایس پی ریلوے نے مبینہ غفلت پر کینٹ ریلوے تھانے کے56 ملازمین کو لائن حاضر کردیا. فوٹو: فائل

کراچی: ایس پی ریلوے نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ سٹی اور کینٹ ریلوے اسٹیشن پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران بلیک ٹکٹ فروخت کرنے والے2 ملزمان سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایس پی ریلوے نے مبینہ غفلت برتنے پر کینٹ ریلوے تھانے کے56 ملازمین کو لائن حاضر کراچی کینٹ جبکہ اسپیشل پارٹی کا تبادلہ کر کے لائن حاضر لاہور بھیج دیا ، سٹی ریلوے تھانے کے عملے کے خلاف پر اسرار طور پر کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے پولیس کے آئی جی سید ابن حسن کی حکم پر ایس پی ریلوے ڈی ایس پی کاشف لالی نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ سٹی ریلوے اسٹیشن پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2 ملزمان عبد الرحمٰن اور خاور نسیم کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے شالیمار ایکسپریس کی 2 ٹکٹیں برآمد کر لیں ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عبد الرحمٰن ریلوے کے نجی ادارے پراکس میں ریزرویشن کلرک ہے جو ہزارہ ایکسپریس کی بکنگ کرتا ہے ۔

ملزم ریلوے سے ٹکٹیں خرید کر سٹی اسٹیشن پر پارکنگ کے ٹھیکیدرا ریاض کے پاس کام کرنے والے خاور نسیم کو دیتا تھا جو وہ ٹکٹیں ایک ہزار روپے سے 1500 روپے زائد وصول کر کے بلیک کرتا تھا ، ملزمان گزشتہ کئی ماہ سے ٹکٹیں بلیک کرنے کا کام کر رہے تھے ، گرفتار ملزمان کے خلاف سٹی ریلوے تھانے میں بجرم دفعہ 420 ، 114/34، پی پی سی کے تحت ایف آئی آر نمبر 21/13 درج کر لی جبکہ دوسری کارروائی میں کینٹ ریلوے اسٹیشن پر مین ریلوے لائن پر بھاگ دوڑ کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان بغیر پلیٹ فارم ٹکٹ ریلوے لائن پر گھوم رہے تھے گرفتار ملزمان کے خلاف ریلوے ایکٹ 122 ، 113/34 پی پی سی کے تحت ایف آئی آر نمبر 30/13 کینٹ ریلوے تھانے میں درج کر لی ، ترجمان کے مطابق ایس پی ریلوے کاشف نے کینٹ ریلوے تھانے میں تعینات 56 ملازمین کو لائن حاضر کراچی کینٹ جبکہ ایس پی ریلوے کراچی ڈویژن کی اسپیشل پارٹی کے انچارج سلمان سمیت 10 اہلکاروں کا تبادلہ پولیس لائن لاہورکر دیا ، ذرائع نے بتایا کہ ایس پی ریلوے سکھر نے سکھر ریلوے تھانے کے پورے عملے کا تبادلہ کوئٹہ جبکہ کوئٹہ ریلوے تھانے کے عملے کا تبادلہ سکھر کر دیا ، پر اسرار طور پر سٹی ریلوے تھانے کے کسی اہلکار کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی جو ٹرینوں کی بلیک مارکیٹ کا مرکز ہے جہاں کا ہر اہلکار مبینہ طور پر ٹرین کی ٹکٹوں کے بلیک میں ملوث ہے  ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔