امریکا فوری طور پر خطے سے اپنی فوج نکال لے، منور حسن

نمائندہ ایکسپریس  پير 5 اگست 2013
حکمرانوں نے پاکستان امریکی ریاست بنا دیا، بارشوں اور سیلاب سے نقصانات پر تشویش۔ فوٹو: فائل

حکمرانوں نے پاکستان امریکی ریاست بنا دیا، بارشوں اور سیلاب سے نقصانات پر تشویش۔ فوٹو: فائل

لاہور: امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلیے ضروری ہے کہ امریکا فوری طور پر خطے سے اپنی فوجیں نکال لے اور پاکستان کے معاملات میں دخل دینے سے گریز کرے ۔

اپنے ایک بیان میں منور حسن نے کہا کہ امریکا پاکستان کو دہشت گردی کے حوالے کرکے خود طالبان سے مذاکرات کررہا ہے اور ہمیں طالبان سے دور رہنے اور کسی قسم کے مذاکرات نہ کرنے کی ہدایات دے رہا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی طالبان اور القاعدہ نہیں امریکا اور بھارت کرر ہے ہیں جس کا الزام طالبان اور القاعدہ پر لگا کر ڈرون حملوں کا جواز پیش کیا جاتا ہے پاکستان کو القاعدہ کے نام پر بلیک میل کرنے کی امریکی چالیں ناکام ہوچکی ہیں، بھارت اور امریکا کی خفیہ ایجنسیاں بلوچستان میں علیحدگی پسندوں میں رقوم اور اسلحہ تقسیم کررہی ہیں جس کے تمام ثبوت ہمارے سیکیورٹی اداروں کے پاس موجود ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کیری کا یہ بیان مضحکہ خیز اور حقائق کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش ہے کہ’’ پاکستان میں دہشت گردی ایمن الظواہری جیسے لوگ کررہے ہیں ‘‘امریکا افغانستان میں ذلت آمیز شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے، حکمرانوں نے پاکستان کو امریکی ریاست بنا دیا ہے۔ منورحسن نے کہا کہ اگر امریکا نے اپنے تھنک ٹینکس کی رپورٹوں پر عمل نہ کیا اور خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر دہشت گردی کو فروغ دینے کی روش نہ چھوڑی تو بعید نہیں کہ اس کے لیے بھی روس کی طرح اپنا وجود قائم رکھنا مشکل ہوجائے ۔ دریں اثناامیر جماعت اسلامی نے خیبر پختونخوا ، پنجاب ، کراچی اور ملک کے دوسرے حصوں میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے جماعت اسلامی اورالخدمت فائونڈیشن کے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں میں فوراً ریلیف کاکام شروع کردیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔