جامعہ اردو،وی سی کے انتخاب کیلیے سینیٹ کااجلاس آج ہوگا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 25 اگست 2012
اساتذہ احتجاج کریں گے، احتجاج کے سبب آج اردو یونیورسٹی بند رکھنے کا بھی اعلان. فوٹو فائل

اساتذہ احتجاج کریں گے، احتجاج کے سبب آج اردو یونیورسٹی بند رکھنے کا بھی اعلان. فوٹو فائل

کراچی: وفاقی اردویونیورسٹی میں نئے وائس چانسلرکے انتخاب کے سلسلے میں سینیٹ کاغیرمعمولی اجلاس(آج) ہفتہ کوکراچی میں ہورہا ہے، وفاقی اردویونیورسٹی کے اساتذہ نے دوران اجلاس وائس چانسلرکی 7ماہ سے عدم تقرری اورایچ ای سی کے چیئرمین کے رویے کے خلاف اس موقع پراحتجاج کافیصلہ کیا ہے۔

یہ احتجاج اردویونیورسٹی سائنس کیمپس کی انجمن اساتذہ کی جانب سے کیا جائے گا جبکہ وفاقی اردویونیورسٹی کی انتظامیہ نے اساتذہ کے احتجاج کوروکنے اوراس سے بچنے کیلیے آج(ہفتہ) یونیورسٹی بند کردی ہے اوریونیورسٹی انتظامیہ کے فیصلے کے مطابق ہفتہ کواردویونیورسٹی کے دونوں کیمپسز میں تدریسی سلسلہ معطل رہے گا۔ واضح رہے کہ وفاقی اردویونیورسٹی کے شیڈول کے تحت رواں تعلیمی سال کے دوسرے تعلیمی سیمسٹرکاآغاز بھی آج ہفتہ 25اگست ہی سے ہورہا تھا تاہم انتظامیہ نے یونیورسٹی بند کرنے کافیصلہ کیا اوراس موقع پرصرف ضروری یونیورسٹی دفاترکھولنے کااعلامیہ جاری کیا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘نے جب اس سلسلے میں یونیورسٹی کے رجسٹرارڈاکٹرقمرالحق سے رابطہ کیا توان کاکہناتھاکہ انتظامیہ نے سنیچر کوبھی ہفتہ وارتعطیل کافیصلہ کیا ہے اوراس سلسلے کی ہفتہ کوپہلی تعطیل ہوگی جبکہ اس فیصلے کی منظوری آج(ہفتہ کو) ہونے والے سینیٹ کے اجلاس سے لی جائے گی، ان کاکہناتھاکہ پہلی تعطیل کافیصلہ سینیٹرزکی موجودگی میں جمعہ کوکیا گیاہے، دوسری جانب انجمن اساتذہ سائنس کیمپس کے نائب صدر پروفیسرڈاکٹرافتخارطاہری کاکہناہے کہ یہ تعطیل اساتذہ کے احتجاج کے سبب کی گئی ہے تاہم اساتذہ ہرصورت میں آج اپنااحتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔