وزیر اعظم نے پنجاب کے بڑے اسپتالوں میں شیلٹر ہومز بنانے کی منظوری دے دی

وقائع نگار  ہفتہ 9 مارچ 2019
وزیر اعظم کی سیاحتی فروغ کے لیے مختلف اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایات (فوٹو: فائل)

وزیر اعظم کی سیاحتی فروغ کے لیے مختلف اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایات (فوٹو: فائل)

 لاہور: وزیر اعظم نے پنجاب کے بڑے اسپتالوں میں شیلٹر ہومز بنانے کی منظوری دے دی ساتھ ہی انہوں نے سیاحتی فروغ کے لیے مختلف اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب سے ون آن ون ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعلی پنجاب سے ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم کو مختلف منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلی نے وزیر اعظم کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کے علاج و معالجے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم کی صدارت میں ہونے والے اعلی سطح اجلاس میں پنجاب کے بڑے اسپتالوں میں شیلٹر ہومز بنانے کی منظوری دی گئی۔ پہلے مرحلے میں لاہور کے پانچ بڑے اسپتالوں میں شیلٹر ہومز بنائے جائیں گے۔ شیلٹر ہومز بنانے کے لیے اپٹما کے گروپ لیڈر گوہر اعجاز کی سربراہی میں پانچ ممبر پر مشتمل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا۔

وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقوں کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست احساس کا نام ہے جو کمزور طبقوں کا سہارا بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر اور مستحق افراد کا سہارا بننے کی مہم میں مخیر حضرات کا بڑھ چڑھ کر حصہ لینا حوصلہ افزاء ہے۔

دریں اثنا وزیر اعظم کو سیاحت کے فروغ کے حوالے سے صوبائی وزیر سیاحت راجہ یاسر ہمایوں نے بریفنگ دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔