پاکستانی شہریت حاصل کرنے میں بھارتی باشندے سب سے آگے

حسیب حنیف  اتوار 10 مارچ 2019
بھارتیوں کی تعداد 461، دوسرے پر افغانستان، تیسرے نمبر پرسری لنکا کے باشندے شامل۔ فوٹو:فائل

بھارتیوں کی تعداد 461، دوسرے پر افغانستان، تیسرے نمبر پرسری لنکا کے باشندے شامل۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ دس سال کے دوران سب سے زیادہ تعداد میں حریف ملک بھارت کے باشندوں نے پاکستانی شہریت حاصل کی ہے۔

پاکستان میں شہریت حاصل کرنے والے غیر ملکیوں میں ہندوستانیوں کی تعداد 461ہے دوسرے نمبر پر افغانستان اور تیسرے نمبر پرسری لنکا کے باشندے پاکستان کی شہریت حاصل کرنے والوں میں سر فہر ست ہیں جبکہ پاکستان کے قریبی دوست ملک چین کے محض  4باشند وں نے پاکستان کی شہریت حاصل کی۔

ایک دستاویز کے مطابق 2009 سے 2018 تک مجموعی طور پر 635 غیر ملکیوں نے پاکستان کی شہریت حاصل کی ہے ، ایک جانب پاکستان اور بھارت کے بارڈرپر کشیدگی کی صورت حال ہے اور بھارت گزشتہ کئی سالوں سے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کر تا آرہا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں غیر ملکیوں کی شہریت حاصل کرنے میں بھی بھارتی باشندے سب سے زیادہ ہونے کا انکشا ف ہوا ہے، گزشتہ دس سال کے دوران اگر پاکستان کی شہریت حاصل کرنے والے غیر ملکیوں کے اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو معلوم ہوگا کہ پاکستان میںگزشتہ دس سال کے دوران 635غیر ملکیوں نے شہریت حاصل کی ہے، جس میں سب سے زیادہ تعداد میں بھارتی شہریوں نے پاکستان کی شہریت حاصل کی ، جن کی تعداد 461ہے۔

اسی طرح پاکستان کی شہریت حاصل کرنے والے غیرملکیوں میں دوسرے نمبر پر افغانستان شامل ہے ، افغانستان کے 43باشندوں نے گزشتہ دس سال کے دوران پاکستان کی شہریت حاصل کی ہے ، پاکستان کی شہریت حاصل کرنے والے ممالک کی فہرست میں سری لنکا کا نمبر تیسرا ہے جب کہ سری لنکا کے 22باشندوں نے پاکستان کی شہریت حاصل کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔