کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان پہنچ گئے

ویب ڈیسک  اتوار 10 مارچ 2019
غیر ملکی کھلاڑیوں میں شین واٹسن اور  ڈیوائن براوو بھی شامل ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

غیر ملکی کھلاڑیوں میں شین واٹسن اور ڈیوائن براوو بھی شامل ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 کراچی: پاکستان سپر لیگ 4 کے پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ گئے۔

جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر اور ٹیم منیجر اعظم خان نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کا بلوچی پگ پہنا کر شاندار استقبال کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کے غیر ملکی کھلاڑیوں میں شین واٹسن، ڈیوائن براوو، رائیلی روسو، ڈیوین اسمتھ اور ہیری گرنی کے علاوہ ٹیم مینٹور سر ویوین رچرڈز بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر غیر ملکی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے کی بہت ہی خوشی ہوئی ہے، پاکستانی مہمان نواز اور مہمانوں کی مہمان نوازی کرنا خوب جانتے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں شیڈول مقابلوں سے نہ صرف شائقین کو دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے بلکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں بھی مدد ملے گی ۔

دوسری جانب پشاور زلمی کا اسکواڈ بھی ڈیرن سیمی کی قیادت میں آج صبح کراچی پہنچ گیا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کے 8 میچز کا انعقاد تاریخی موقع ہے، پشاور زلمی کا پورا اسکواڈ کراچی پہنچا ہے، کراچی آمد پر پوری ٹیم انتہائی خوش ہے، ہم پی سی بی، حکومتِ پاکستان اور پاک فوج سمیت تمام سیکورٹی اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔