بجلی چوروں، نادہندگان کے چھاپہ مار ٹیموں پر حملے، تشدد، کتے چھوڑ دیے

نمائندگان ایکسپریس  پير 5 اگست 2013
 بہاولنگر میں ڈنڈوں سے مسلح سیکڑوں نادہند کسانوں کا واپڈا ٹیم پر حملہ، اہلکاروں نے بھاگ کر جان بچائی فوٹو : فائل

بہاولنگر میں ڈنڈوں سے مسلح سیکڑوں نادہند کسانوں کا واپڈا ٹیم پر حملہ، اہلکاروں نے بھاگ کر جان بچائی فوٹو : فائل

لاہور / گوجرانوالہ: بجلی اور گیس چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈائون کے دوران اتوار کو مختلف ٹیموں پر بجلی چوروں نے حملے کیے اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

ضلع بہاولنگر کے علاقے مروٹ کے گائوں337/ایچ آر میں لاکھوں کے نادہند افراد کے بجلی کے کنکشن منقطع کرنے جانے والی واپڈا ٹیم پر ڈنڈوں سے مسلح سیکڑوں کسانوں نے حملہ کردیا، انھوں نے مبینہ طور پر انچارج ایس ڈی او فورٹ عباس کو برہنہ کرکے تشدد کیا۔ حکومت کے احکام کے بعد فورٹ عباس واپڈا کے انچارج ایس ڈی او یونس، لائن سپرنٹنڈنٹ جبار، پرویز پر مشتمل ٹیم پولیس کی3 گاڑیوں کے ساتھ چک نمبر337 / ایچ آر پہنچی تو اس کی خبر پہلے کسانوں کو مل چکی تھی اور وہ سیکڑوں کی تعداد میں جمع ہوگئے جونہی ٹیم کے ارکان ٹربائن چلانے والے پہلے کسان کا میٹر کاٹنے آگے بڑھے تو کسانوں نے ڈنڈوں سے حملہ کردیا، سرکاری اہلکاروں نے جان بچانے کیلیے بھاگنے میں عافیت جانی تاہم ٹیم کے انچارج ایس ڈی او راستے میں تعاقب کرنے والے کسانوں کے ہتھے چڑھ گئے جنھوں نے مبینہ طور پر انھیں برہنہ کرکے زدوکوب کیا۔

ضلع مظفر گڑھ کے قصبے خان گڑھ میں بجلی چوروں نے میپکو ٹیم پر کتے چھوڑ دیے۔ لائن سپرنٹنڈنٹ نیاز حسین شاہ، لائن مین اللہ دتہ اور ابوبکر پر مشتمل ٹیم نواحی علاقے باغ چورگئی جہاں محمد اقبال، محمد امین اور غلام یاسین ڈائریکٹ کنڈا لگا کر بجلی چوری کررہے تھے۔ ٹیم نے آلات قبضے میں لیے اور میٹر اتارنے لگے تو انھوں نے سرکاری عملے پر مبینہ طور پر پالتو کتے چھوڑ دیے۔ خان گڑھ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ ادھر اسسٹنٹ کمشنر قصور محمد شاہ رخ نیازی نے بجلی وگیس چوروںکے خلاف جاری مہم کے دوران ٹاسک فورس کے ساتھ کھڈیاں میں رضااللہ پلاسٹک پائپ فیکٹری پر چھاپہ مارکر ڈائریکٹ بجلی چوری کرتے ہوئے موقع سے 2 افراد کو گرفتارکرلیا جبکہ فیکٹری کامالک رضااللہ فرارہونے میںکامیاب ہوگیا۔ اے سی قصور نے واپڈا ملازمین سمیت بھسرپورہ میں پاورلومز پر ریڈکرکے بجلی چوری کے جرم میں محمد اکرم سمیت7 افرادکوگرفتارکرلیا۔

فاروق آباد میں واپڈا نے بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرکے درجنوں بجلی چور رنگے ہا تھوں پکڑ لیے۔ ایکسیئن واپڈا شیخوپورہ عمر بلال کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی او سچا سودا سب ڈویژن رانا مظہر اقبال نے فاروق آباد اور گردونواح میں رات کے وقت چھاپے مارکر مانگا ورکاں، جاتری کوہنہ اور اعوان بھٹیاں اور چک جندراں سے محمد مظہر، ثنااللہ، شاہ نواز، اشرف بھٹی، نظر محمد، شوکت علی، محمد نواز، غلام میراں، احمد علی، کریم علی، محمد علی ، محمد آصف ، عبدالمجید ، محمد الیاس اور عنایت علی سمیت درجنوں بجلی چوروں کو مین لائن سے کنڈے ڈال کرٹیوب ویل چلاتے ہوئے اور گھر وں میں میٹروں میں سوراخ اور جدید آلات سے بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑکر مقدمات درج کرادیے۔ آئی این پی نے بتایا کہ ایف آئی اے ٹاسک فورس نے ایبٹ آباد میں چھاپہ مار کر زیر تعمیر پلازہ کے کنٹریکٹر کو بجلی چوری کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

سکھر کے علاقے کنڈیارو میں سیپکو کی جانب سے دوسرے روز بھی نادہندگان اور بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری رہا، مزید 310 غیرقانونی کنکشن کاٹ کر تارجلادیے گئے۔ پشاور میں جمرود روڈ پر 2پلازوں پر چھاپہ مار کر ڈائریکٹ کنکشن سے بجلی حاصل کرنے والے مالکان سیف اللہ اور افتخار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، یہ لوگ پلازے کے مکینوں سے اپنے میٹر لگاکر بل وصول کررہے تھے۔ گوجرانوالہ میں ایف آئی اے کی ٹیم نے بجلی چوری پر چھاپہ مارا، میٹر ریڈر سمیت 5 افراد گرفتاراور مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عبدالحفیظ نے رات گئے ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے گرجاکھ میں واقع 3 ہوزری فیکٹری مالکان رفیع، محمد علی انصاری، بھولا انصاری اور عبدالوحید کو بجلی چوری پر گرفتار کر لیا، ڈپٹی ڈائریکٹر نے مبینہ طور پر بجلی چوری کرانے کے ملوث لائن سپرنٹنڈنٹ اور میٹر ریڈر عرفان کے خلاف مقدمہ درج کرکے میٹر ریڈر کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کے مطابق صادق روڈ پر واقع وحید ہوزری، رفیع ہوزری، انصاری ہوزری گھریلو میٹر پر انڈسٹری چلا رہے تھے، میٹر ریڈر مبینہ طور پر بجلی چوری کرا کر ماہانہ وصول کر رہے تھے جبکہ محکمے کو لاکھوں کا نقصان ہو رہا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔