فضل الرحمان عمران خان اورطالبان کے درمیان غلط فہمیاں پیداکرنا چاہتے ہیں، پرویزخٹک

ویب ڈیسک  پير 5 اگست 2013
30 اگست کے بعد لوگوں کو صوبے میں خود بخود تبدیلی نظرآئے گی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا۔  فوٹو: فائل

30 اگست کے بعد لوگوں کو صوبے میں خود بخود تبدیلی نظرآئے گی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا۔ فوٹو: فائل

نوشہرہ: وزیراعلٰی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمان طالبان اور عمران خان کے مابین غلط فہمیاں پیدا کرنے کے لئے انہیں  یہودی ایجنٹ قرار دے رہے ہیں۔

نوشہرہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ مولانافضل الرحمان اب مذہبی سے زیادہ سیاسی ہوگئے ہیں اور اقتدار کے مزے میں وہ سب کچھ بھول چکے ہیں، اب وہ  اقتدار کے بغیر رہ نہیں سکتے تاہم صوبہ خیبرپختونخوہ میں ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں  ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف خطے کو درپیش مسائل اور شدت پسندی کے مسئلے کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں کیونکہ اگر امریکہ افغانستان میں طالبان کے سا تھ بات چیت کرسکتا ہے تو ہم بھی  کرسکتے ہیں، عمران خان نے اس سلسلے میں بڑی حد تک عملی اقدامات اٹھائے ہیں، اس لئے مولانا فضل الرحمان خائف ہوکر طالبان اور عمران خان کے مابین غلط فہمیاں  پیدا کرنے کے لئے انہیں یہودی ایجنٹ قرار دے رہے ہیں تاہم مولانا کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اس ملک کی بڑی سیاسی قوت ہے، ہم نے حالیہ عام انتخابات میں  عوام کو ایک منشور دیا ہے اور ہم اپنے منشور پر عمل کرکے دکھائیں  گے۔،30 اگست کے بعد لوگوں کو صوبے میں خود بخود تبدیلی نظرآئے گی۔ ایک ہفتے میں صوبے میں آزاد اور خودمختار احتساب کمیشن قائم ہوجائے گا جو مجھ سمیت تمام اداروں کا احتساب کر سکے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔