آلودہ پانی کی فراہمی جاری، منرل واٹر کی مانگ بڑھ گئی

بزنس رپورٹر  منگل 6 اگست 2013
غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری پانی سپلائی کرنے والی کمپنیاں متحرک ہوگئیں۔   فوٹو: فائل

غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری پانی سپلائی کرنے والی کمپنیاں متحرک ہوگئیں۔ فوٹو: فائل

کراچی:  بارش کے بعد واٹر بورڈ کی لائنوں سے گھروں کو سپلائی ہونے والا پانی آلودگی کا شکار ہے جبکہ گھروں میں پانی کے انڈرگرائونڈ ٹینکوں میں بھی بارش کا آلودہ پانی داخل ہونے سے پینے کے پانی کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا۔

مختلف علاقوں میں پینے کے فلٹر پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے ، بوتلوں میں بند فلٹر پانی کی طلب میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ، اس صورتحال سے فائدہ اٹھا کر پانی کی بوتلوں کی من مانی قیمت پر فروخت شروع کردی گئی ہے عام دنوں میں 50 روپے قیمت میں فروخت ہونے والی 5 لیٹر پانی کی بوتل بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں 60 سے 80 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔

غیرملکی کمپنی کی برانڈڈ پانی کی 5 لیٹر کی بوتل 125 روپے میں فروخت کی جارہی ہے، غیر رجسٹرڈ اور غیرمعیاری پانی سپلائی کرنیوالی کمپنیاں بھی متحرک ہوگئی ہیں، پانی کی فروخت کیلیے پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی رجسٹریشن لازمی ہے، شہر میں فروخت ہونیوالا 80 فیصد پانی اتھارٹی کی رجسٹریشن کے بغیر فروخت کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔