محمد عامر کی واپسی کا شوشہ ان سنی داستان بن گیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 6 اگست 2013
کم عمری کے باوجود فاسٹ بولرکو رعایت دینا درست نہیں ہوگا، مدثر نذر   فوٹو: فائل

کم عمری کے باوجود فاسٹ بولرکو رعایت دینا درست نہیں ہوگا، مدثر نذر فوٹو: فائل

لاہور:  محمد عامر کی واپسی کا شوشہ ان سنی داستان بن گیا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی کی طرف سے پیسر کو رعایت دلانے کا نعرہ فضاؤں میں گم ہوگیا۔

آئی سی سی کی جانب سے کمیٹی بنانے کے بعد اس حوالے سے کوئی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی، دوسری جانب سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر مدثر نذر نے عامر کو کوئی رعایت دینے کی مخالفت کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی ہی پریس کانفرنس میں محمد عامر کی واپسی کیلیے آئی سی سی حکام سے بات چیت کا اعلان کیا، لندن میں سالانہ کانفرنس سے آتے ہی انھوں نے بتایا کہ پیسر کے کیس کا جائزہ لینے کیلیے ایک کمیٹی بھی بنادی گئی ہے لیکن صورتحال میں کوئی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی۔

کرکٹ آرگنائرز کے اعزاز میں تقریب کے دوران چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے بتایا کہ آئی سی سی کی طرف اس ضمن میں کوئی اشارہ نہیں ملا، کمیٹی کا ہمیں علم نہیں، نہ ہی ہمارااس معاملے سے کوئی تعلق بنتا ہے۔

دوسری طرف چند دیگر سابق ٹیسٹ کرکٹرز کی ہمنوائی کرتے ہوئے مدثر نذر نے کہا کہ کم عمری کے باوجود محمدعامر کو رعایت دینا درست نہیں ہوگا، فکسنگ میں ملوث دیگر کھلاڑیوں کی طرح پیسر کو بھی سزا پوری کرنی چاہیے، انھوں نے کہا کہ میں نے اس وقت محمد عامر کا ٹیلنٹ دریافت کیا جب وہ صرف 13 برس کا تھا۔

اس حوالے سے میرا جذباتی تعلق بنتا ہے اور سخت مایوسی بھی محسوس کرتا ہوں، انھوں نے کہا کہ مجھے اب بھی امید ہے کہ عامر واپسی کے بعد شاندار پرفارمنس دکھائے گا، 5 برس کا نقصان تو پورا نہیں ہوسکتا تاہم دوبارہ بولنگ کرتے ہوئے صلاحیتوں کالوہا منوانے میں ضرور کامیاب ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔