برطانیہ میں مڈلینڈ پولیس کی سیاہ فام مسلمان شخص پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  منگل 12 مارچ 2019
سیاہ فام مسلمان کو گرفتاری دینے سے انکار پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ فوٹو : فائل

سیاہ فام مسلمان کو گرفتاری دینے سے انکار پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ فوٹو : فائل

 لندن: برطانوی پولیس کی سیاہ فام مسلمان شہری کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی کاؤنٹی مڈلینڈ کے دو پولیس اہلکاروں نے ایک مسلمان شہری کے دونوں ہاتھوں کو پکڑ لیا اور ایک اہلکار شہری کے سر پر ضربیں لگاتا رہا، جس کے باعث سیاہ فام مسلمان شہری زخمی ہوگیا۔ شہریوں نے پولیس کے اس عمل کو نسل پرستانہ قرار دیا۔

جائے وقوعہ کے قریب سے گزرنے والے شہری نے پولیس کے تشدد کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی، عینی شاہد کا کہنا تھا کہ 3 پولیس اہلکار مسلمان شہری کو گرفتار کرنا چاہتے تھے جس پر شہری نے مزاحمت کی کوشش کی تو پولیس نے بہیمانہ تشدد کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس کا محکمہ متحرک ہوا اور پولیس اہلکاروں کو بنیادی اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر معاملہ ادارے انڈیپینڈنٹ آفس فار پولیس کنڈکٹ IOPC  کو بھیج دیا گیا ہے، جو معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ IOPC کی مرتب کردہ رپورٹ کی روشنی میں پولیس اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی جس میں مختصر مدت کی معطلی کے علاوہ ملازمت سے برطرف بھی کیا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔