پی ایس ایل مقامی کھلاڑیوں کیلیے ہوم کراؤڈ میں کھیلنے کا بہترین موقع ہے، سرویون

اسپورٹس رپورٹر  منگل 12 مارچ 2019
عمران خان سے مقابلہ کرنا اتنا آسان نہیں ہوتا تھا وہ ایک فائٹر کرکٹر تھے، سر ویون رچرڈز۔ فوٹو : فائل

عمران خان سے مقابلہ کرنا اتنا آسان نہیں ہوتا تھا وہ ایک فائٹر کرکٹر تھے، سر ویون رچرڈز۔ فوٹو : فائل

 کراچی: سر ویون رچرڈز کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ مقامی کھلاڑیوں کے لیے ہوم کراوڈ کے سامنے کھیلنے کا بہترین موقع ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظیم بیٹسمین سر ویون رچرڈز کا کہنا تھا کہ ہم نے پچھلے سال لاہور میں میچ کھیلا، پھر فائنل کے لیے کراچی گئے اور اب پھر کراچی میں ہیں، کراچی کا ماحول بہت خوشگوار ہے، تماشائیوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم کا رخ کرتی ہے جو کہ بہت اچھی بات ہے۔

ویون رچرڈز نے کہا کہ فائنل کا گیم پلان تیار ہے، فائنل سے پہلے اپنا گیم پلان کسی کو نہیں بتائیں گے، پچھلے میچ کی شکست بھول کر آگے بڑھیں گے، کراچی کی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا، ہماری ٹیم اب تک اچھی پوزیشن میں ہے، امید کرتے ہیں کہ آگے بھی ایسی پرفارمنس برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سلام پاکستان ایک اچھا جملہ ہے، کراچی میں کرکٹ کے مداح بھی کافی جوشیلے ہیں، میرا یقین ہے کہ اگر آپ اچھے کرکٹر ہیں تو کسی بھی فارمٹ میں بہتر پرفارم کر سکتے ہیں۔

ویون رچرڈز نے کہا کہ میری نیک تمنائیں عمران خان کے ساتھ ہیں، میں ان کے ساتھ کھیل چکا ہوں، عمران خان سے مقابلہ کرنا اتنا آسان نہیں ہوتا تھا وہ ایک فائٹر کرکٹر تھے، مجھے یقین ہے جس طریقے سے وہ کرکٹ میں ٹیم کی کمان سبنھالتے تھے اس طرح ملک کو بھی لے کر چلیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔