نالے میں ڈوبنے والی گاڑی2دن بعد مل گئی، میاں، بیوی اور بچہ جاں بحق

نمائندہ ایکسپریس  منگل 6 اگست 2013
کراچی:گلبرگ کے نالے میں 2 دن قبل گرنے والی گاڑی کو کرین سے نکالاجارہا ہے ،اوپر چھوٹی تصویر جاں بحق ہونے والے میاں بیوی اور بچے کی ہے۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی:گلبرگ کے نالے میں 2 دن قبل گرنے والی گاڑی کو کرین سے نکالاجارہا ہے ،اوپر چھوٹی تصویر جاں بحق ہونے والے میاں بیوی اور بچے کی ہے۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی:  کے بی آرکے نالے میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب گرنے والی کار کو نیوی کے غوطہ خوروں نے سخت جدوجہد کے بعد تلاش کرکے نکال لیا ۔

جس میں سے ماں اوربیٹے کی لاشیں موجودتھیں جوانتہائی بے بسی کی موت کاشکارہوئے جبکہ کارمیں سوار تیسرے شخص مظفرکی لاش کوتلاش کیاجا رہاہے۔ دوسری جانب شہر کے ندی نالوں سے پیر کو مزید 8افراد کی لاشیں ملیں۔ گلبرگ کے نالے سے ملنے والی گاڑی سے شیرخوار بچے کی پرام بھی ملی جس پربیٹھ کروہ طارق روڈپر شاپنگ کے دوران نہ صرف گھومتارہا تھابلکہ برقی قمقموں سے جگمگاتی دکانوں اور شاپنگ سینٹرکو دیکھ کر خوش بھی ہوتارہا، بد قسمت میاں بیوی طارق روڈسے عیدالفطرکی خریداری کے بعد خوشی خوشی گھر جارہے تھے کہ شہر میں ہونے والی طوفانی بارش اور انتظامیہ کی غفلت و لاپروائی کی وجہ سے سڑکیں اور نالے بھرجانے کے باعث ان کی کار نالے میں گرگئی جبکہ انتظامیہ کی بے حسی کی وجہ سے فوری طورپر ریسکیوآپریشن نہ ہونے کی وجہ سے ماں اور شیرخوار بچہ انتہائی بے بسی کی موت کاشکار ہوکر موت کی آغوش میں چلے گئے، خاتون کے شوہرمظفر کی لاش تاحال نہیں مل سکی جسے نیوی کے غوطہ خور تلاش کر رہے ہیں۔ ماں اور بیٹے کی لاشیں جب کارسے نکالی گئیں تو کہرام مچ گیا۔

اس موقع پر کئی رقت آمیزمناظر دیکھنے میں آئے۔ موقع پرموجود ہرشخص کی آنکھ اشکبار ہوگئی۔ لوگ واقعے پر اس موقع پر علاقہ مکینوں اور متاثرہ خاندان کے افرادبڑی تعدادمیں جائے وقوعہ پرموجود تھے اورشدید رنج وغم کے ساتھ ساتھ اشتعال میں دکھائی دیے۔ ان کاکہنا تھاکہ گاڑی گری توموقع پرجمع لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گاڑی میں سوار افرادکو نکالنے کی کوشش کی تاہم پانی کا ریلہ اتنا تیز تھا کہ ان کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل کی میونسپل انتظامیہ کوفوری اطلاع دی گئی تاہم بے حس انتظامیہ صرف اپنے من پسندمقامات پرامدادی کاموں کے گروپ فوٹو اورمووی بنوانے میںمصروف رہے۔

علاقہ مکینوں کاکہنا ہے نوراسپتال کے قریب سے کے بی آرجانے والی سڑک کے اختتام پرنالے پربنی ہوئی، روشن باغ اور کے بی آرکو ملانے والی پلیہ کے پاس گاڑی گری تھی اوراسی مقام سے ملی تاہم کئی فٹ نیچے دھنس گئی تھی۔ دریں اثنا وزیربلدیات سیداویس مظفر نے کے بی آرکے نالے میں گرنے والی کارکے واقعے کاسختی سے نوٹس لیتے ہوئے کمشنرکراچی کوفوری طورپر غیرجانبدارانہ تحقیقات کاحکم دیتے ہوئے رپورٹ 3روز میں طلب کرلی ہے۔ انھوں نے کمشنر کراچی کوہدایت کی کہ واقعے کے بعدفوری طورپر ریسکیو آپریشن نہ کرنے اورغفلت کے مرتکب افسران کاتعین کیا جائے تاکہ ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل لائی جاسکے۔

دریں اثناء بارش اورطغیانی کے باعث پانی کے بہائوپر بہنے والی لاشیں ملنے کاسلسلہ پیرکو بھی جاری رہااور مختلف علاقوںمیں ندی نالوں سے8افراد کی لاشیں ملیں۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے قیوم آبادمیں ندی سے2افراد کی لاشیں ملیں جن کی شناخت 25 سالہ یاسین ولد دیدارعلی اوراس کے بھائی28سالہ سلیم کے نام سے ہوئی۔ کورنگی صنعتی ایریا پولیس کے مطابق دونوں سگے بھائی طارق روڈکے ایک سپراسٹور پرملازمت کرتے تھے، 3 اور 4 اگست کی درمیانی شب وہ ڈیوٹی ختم کرکے اپنی رہائش گاہ واقع مہران ٹائون جارہے تھے۔ کازوے کے قریب وہ ندی میں اترگئے۔ پولیس کاکہنا ہے کہ دونوںبھائی تیراک تھے لیکن پانی کابہائو زیادہ تیزہونے کے باعث وہ ڈوب گئے۔

پیر کی صبح قیوم آبادکے قریب ندی میں جھاڑیوں سے لپٹی ہوئی ان کی لاشیں مل گئیں۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعدلاشیں ورثاکے حوالے کردیں۔ شیرشاہ میں سرمست مزارکے قریب لیاری ندی سے 25سالہ نوجوان کی لاش ملی۔ ایس ایچ او شیرشاہ اعجازخواجہ نے بتایاکہ لاش پانی کے بہائو پر بہتی ہوئی آئی ہے۔ فوری طورپر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی۔ وہ پینٹ شرٹ میںملبوس ہے۔ نیوکراچی صنعتی ایریاکے علاقے بشیرچوک پرنالے سے2افرادکی لاشیں ملی ہیں۔ دونوں کی فوری طورپر شناخت نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے لاشیں ایدھی سردخانے منتقل کردی گئیں۔ پولیس کا کہناہے کہ دونوںنشے کے عادی معلوم ہوتے ہیں تاہم شناخت کے بعدہی صورتحال واضح ہوسکے گی۔

گلشن اقبال کے علاقے موتی محل کے قریب لیاری ندی سے10سالہ جاویدکی لاش ملی۔ ریسکیوحکام کاکہنا ہے کہ ورثاوہیں سے لاش اپنے ہمراہ لے گئے۔ پاک کالونی کے علاقے میںلیاری ندی سے12سالہ احسان ولدرحمن گل کی لاش ملی جوایف بی ایریا بلاک22کا رہائشی تھا۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعدلاش ورثاکے حوالے کردی۔ دریں اثنا مظفر کی لاش رات گئے تک نہیں مل سکی جبکہ ریسکیو عملے نے تلاش کا کام روک دیا گیا ۔ عملے کا کہنا ہے کہ رات ہونے کی وجہ سے تلاش میں مشکلات پیش آ رہی ہے لہذا مظفر کی لاش کی تلاش کا کام منگل کی صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔