بینظیر قتل کیس مشرف سمیت7ملزمان پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی

قیصر شیرازی  منگل 6 اگست 2013
5سال8 ماہ10دن بعد کیس کی ازسرنو سماعت شروع ہوگی، مشرف کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پرسخت سیکیورٹی ہوگی   فوٹو : فائل

5سال8 ماہ10دن بعد کیس کی ازسرنو سماعت شروع ہوگی، مشرف کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پرسخت سیکیورٹی ہوگی فوٹو : فائل

راولپنڈی:  سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹوکے قتل کیس میں آج منگل6اگست کو مرکزی ملزم سابق صدر جنرل پرویز مشرف سمیت7ملزمان پر باقاعدہ فرد جرم عائدکی جائے گی اور ملک کے اس اہم ترین مقدمے کی5سال8 ماہ10دن بعد از سر نو سماعت شروع کر دی جائے گی۔

عدالت کے حکم پر آج منگل کو بھی ملزم پرویز مشرف کو انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر1میں پیش کیا جائے گا۔سابق صدر جنرل پرویز مشرف پر5 نکاتی چارج شیٹ(فرد جرم) تیارکی گئی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ1۔سابق وزیر اعظم کو درخواستوں کے باوجود دو سابق وزرائے اعظم شوکت عزیز اور چوہدری شجاعت کی طرح وی وی آئی پی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی2۔سابق وزیر اعظم کو قتل کرنے کیلئے مبینہ طور پر سازش مجرمانہ تیارکی گئی،3۔ خودکش حملہ کیلئے مبینہ دہشتگردوں کو بینظیر بھٹو تک رسائی فراہم کی گئی،4۔ سابق وزیر اعظم کو مسلسل(ٹیلی فون اور ای میل پر) قتل کی دھمکیاں دی گئیں ،5۔ واقعے میں دہشتگردی کا ارتکاب کیا گیا۔سابق صدر پرویز مشرف کے علاوہ دیگر ملزمان سابق ڈی آئی جی سعود عزیز، سابق ایس پی خرم شہزاد، شیر زمان، رفاقت،حسنین اور عبدالرشید شامل ہیں، آٹھویں ملزم اعتزاز شاہ پر از سر نو فرد جرم عائد نہیں کی جائے گی اس کا کیس کم عمری کے باعث الگ ٹرائل کیا جارہا ہے، اس کے علاوہ ساتوں ملزمان پر نئی فرد جرم تیارکر لی گئی ہے۔

اس سے قبل عدالت نے جن24گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے تھے وہ سب بیانات منسوخ کر دیے گئے ہیں ،اب تمام گواہان کی از سر نو طلبی ہوگی۔ فرد جرم عائدکیے جانے کے ساتھ ہی5 گواہان کوبھی طلب کیا جائے گا۔ آج ملزم پرویز مشرف کی طرف سے مقدمے کے فیصلے تک حاضری سے مستثنیٰ قرار دینے کی درخواست بھی دائر کی جائے گی جس کی سرکاری پراسیکیوٹر کی طرف سے مخالفت نہ کیے جانے کا امکان ہے۔ملزم پرویز مشرف کی پیشی کے باعث پولیس نے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے ہیں۔ رینجرز اورکمانڈوزکو بھی تعینات کر دیا گیا ہے،عدالت کی چھت پر باقاعدہ مورچہ بنایا گیا ہے جس میں رینجرز تعینات ہوں گے۔تمام راستوں کے علاوہ قرب و جوارکی چھتوں پر بھی پولیس کمانڈوز تعینات ہوں گے، عدالت کے دونوں اطراف خاردار تاریں بھی لگائی جائیں گی جبکہ وکلاء کے داخلے کیلیے عقبی راستہ مختص کیا گیا ہے،ملزم پرویز مشرف فرد جرم کی صحت سے انکارکریں گے اور اپنی بے گناہی ثابت کرنے کی استدعا کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔