کراچی کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات، مزید8افراد ہلاک

اسٹاف رپورٹر  منگل 6 اگست 2013
چاکیواڑہ میں پولیس افسر کے بیٹے کو گولی مار دی گئی،سہراب گوٹھ ، منگھوپیرمیں بھی ہلاکتیں    فوٹو: فائل

چاکیواڑہ میں پولیس افسر کے بیٹے کو گولی مار دی گئی،سہراب گوٹھ ، منگھوپیرمیں بھی ہلاکتیں فوٹو: فائل

کراچی:  شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

پیرکوکھارادرکے علاقے مچھلی میانی مارکیٹ میں نامعلوم افراد نے مچھلی کی دکان پرفائرنگ کردی جس سے 45 سالہ طارق ولد قاسم ہلاک جبکہ اس کا بھائی 25 سالہ رضوان زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق دکانداروں سے لیاری گینگ وارکے کارندوں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے بھتہ مانگا تھا، واقعہ بھتہ خوری کا شاخسانہ ہے،ہلاک و زخمی نیا آباد چوک دریاآباد کے رہائشی ہیں،اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد 10 نمبر پرنامعلوم افرادکی فائرنگ سے 20 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا جس کی فوری طورپرشناخت نہیں ہوسکی، پولیس کے مطابق مقتول حلیے سے کچراچننے والا معلوم ہوتا ہے، سہراب گوٹھ کے علاقے جمالی گوٹھ میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 30 سالہ شاہد عالم ولد عمرگل ہلاک ہوگیا،پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا شاخسانہ ہے تاہم ذرائع نے بتایا کہ مقتول کو ٹارگٹ کرکے ہلاک کیاگیاہے،بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعیدآباد میں نامعلوم ملزمان نے گھرمیں گھس کرویکسینیٹر 35 سالہ ثنا اللہ ولد غلام محمد کو تیز دھارآلے کے وارسے ہلاک کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول بھینسوں کے باڑے کا مالک بھی تھا جبکہ اس کے گھر سے 80 ہزار روپے نقدی بھی غائب ہے، بظاہر ملزمان نے واقعے کوڈکیتی کے دوران مزاحمت کا رنگ دینے کی کوشش کی لیکن ثنا اللہ کی اہلیہ کاکردار مشکوک ہے،سول اسپتال کے سینئر ایم ایل اوڈاکٹرآفتاب چنڑ نے بتایاکہ شبہ ہے کہ ثنا اللہ کو پہلے کوئی چیزکھلا کریاپلا کربے ہوش کیاگیاپھرگردن پر تیزدھار آلے کے وارکرکے ہلاک کیاگیا تاہم حتمی بات پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی، علاوہ ازیں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے لانڈھی میںمرتضیٰ چورنگی پر20 سالہ فراز ولد مختار،ابو الحسن اصفہانی روڈ پرگوشت کی دکان میں 25 سالہ اویس ولد یامین اور 28 سالہ عتیق، اسٹیل ٹاؤن گھگھر پھاٹل پل کے قریب 27 سالہ خالد محمود ولد اللہ وسایا زخمی ہوگئے، زخمی عتیق کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے بتایا جاتا ہے۔

چاکیواڑہ کے علاقے لیاری مرزا آدم خان روڈ کے ای ایس سی آفس کے قریب کارسوارملزمان نے سی آئی ڈی سول لائن کے سب انسپکٹرملک مظہرکے جوان سال بیٹے 28 سالہ سہیل اخترکوسر پرگولی مارکرہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا آبائی تعلق چکوال سے تھا پولیس واقعے کو ذاتی رنجش کا شاخسانہ قراردے رہی ہے ، سہراب گوٹھ کے علاقے نیو سبزی منڈی کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے 45سالہ الف گل ہلاک ہوگیا ۔

ڈی ایس پی خالدخان نے بتایاکہ مقتول الف خان موٹرسائیکل پراپنے دیگر دو دوستوں کے ہمراہ جا رہا تھا کہ دوسری موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے موٹر سائیکل روک کر اسے ہی ٹارگٹ کیا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مقتول کو دشمنی کی بنا پرقتل کیا گیا ہے مقتول کا آبائی تعلق باجوڑ سے تھا۔مدینہ کالونی تھانے کی حدود بلدیہ ٹاؤن آفس کے سامنے نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 45 سالہ شریف ہلاک ہوگیا پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول الیکٹریشن تھا ہائی روف میں سوارملزمان نے اس پر فائرنگ کردی ۔ منگھوپیرکے علاقے میں مزار کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 32 سالہ شوکت خان ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول کی لیاری گینگ وار کچھ افراد سے دوستی تھی وہ سلطان آباد کا رہا ئشی تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔