ہالی ووڈ کی مزاحیہ فلم ’الہ دین‘ کا  ٹریلر جاری

ویب ڈیسک  بدھ 13 مارچ 2019
فلم میں بچوں کے پسندیدہ جن" جینی" کا کردار مشہور ہالی ووڈ اداکار "ول اسمتھ" ادا کر رہے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

فلم میں بچوں کے پسندیدہ جن" جینی" کا کردار مشہور ہالی ووڈ اداکار "ول اسمتھ" ادا کر رہے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

لاس اینجلس: 1992 میں ریلیز ہونے والی ڈزنی کے مشہور ترین کارٹون کہانی پر مبنی فلم ’الہ دین‘ کا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ڈزنی کی مشہور زمانہ کارٹون فلم ’الہ دین‘ 27 سال بعد نئے انداز میں مداحوں کیلئے پیش کی جائے گی۔ اس کامیڈی سے بھرپور فلم میں  کارٹونز کی جگہ ہالی ووڈ کے مشہور اداکار ’الہ دین،جینی، جفاراور جیزمین‘  کا کردار نبھائیں گے۔

ایڈونچر سے بھرپور فلم میں بچوں کے پسندیدہ جن ’جینی‘ کا کردار مشہور ہالی ووڈ اداکار ’ول اسمتھ‘ ادا کر رہے ہیں۔’پرنسز جیزمین‘ کا کردار اداکارہ ’نائیومی اسکاٹ‘ ادا کر رہی ہیں۔ جبکہ الہ دین کا کردار ’بلی میگنیوسن‘ نبھا رہے ہیں۔

2 منٹ 24 سیکنڈ کے اس ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ الہ دین کو جفار کی جانب سے امیر ہونے کا جھانسہ دیا جاتا ہے اور اس کے لئے الہ دین کو پہاڑوں سے ایک چراغ لانے کا کہا جاتا ہے جسے الہ دین تلاش کرنے کے بعد ہاتھوں سے رگڑتا ہے اور پھر اس میں سے نکلنے والا جینی اس ہی کو اپنا آقا سمجھتا ہے اور الہ دین کی ہر خواہش پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

فلم کی کہانی میں کی گئی تبدیلیوں کو ابھی تک راز میں رکھا گیا ہے لیکن مداح اپنے پسندیدہ کرداروں کو کہانی میں کچھ نئی تبدیلیوں کے ساتھ بڑی اسکرین پر دیکھنے کیلئے خاصے پُر جوش ہیں۔

واضح رہے کہ والٹ ڈزنی پکچر اور رائد بیک پروڈکشن کے بینر تلے گائے رچی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’الہ دین ‘ رواں سال ہی اگلے ماہ 24 مئی کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔