پی ایس ایل اختتامی تقریب: قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دینے والے زوہیب پرفارم کریں گے

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 14 مارچ 2019
اختتامی تقریب میں خود بھی پرفارم کرتے ہوئے اپنی مرحومہ بہن نازیہ حسن کو خراج عقیدت پیش کروں گا، زوہیب حسن۔ فوٹو: فائل

اختتامی تقریب میں خود بھی پرفارم کرتے ہوئے اپنی مرحومہ بہن نازیہ حسن کو خراج عقیدت پیش کروں گا، زوہیب حسن۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں ’’ڈسکو دیوانے‘‘ گانے کے بلا اجازت استعمال پر قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دینے والے زوہیب حسن اختتامی تقریب میں خود گاتے نظر آئیں گے۔

14 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں آئمہ بیگ اور شجاع حیدر نے زوہیب حسن کی بہن نازیہ حسن کا گایا ہوا شہرہ آفاق گیت ’’ڈسکو دیوانے‘‘ گا کر خوب رنگ جمایا تھا، اس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے زوہیب حسن نے کہا کہ گانے کو بلااجازت تقریب کا حصہ بنانے پر وہ قانونی چارہ جوئی کریں گے، اب انھوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر یہ اعلان کیاکہ ’’ڈسکو دیوانے‘‘ کوپی ایس ایل کیلیے پیش کرتا ہوں۔

زوہیب حسن نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والی اختتامی تقریب میں خود بھی پرفارم کرتے ہوئے اپنی مرحومہ بہن نازیہ حسن کو خراج عقیدت پیش کروں گا۔ قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دینے والے زوہیب حسن کے اب اسی گانے پر پرفارم کرنے کیلیے تیار ہونے کو بعض ذرائع ’’ڈیل‘‘ کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔