فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کی’’ لوڈ ویڈنگ‘‘ دوبارہ ریلیز کی جائے گی

شوبز رپورٹر  جمعرات 14 مارچ 2019
جہیز کے موضوع پر بنائی گئی فلم راجھستان فلم فیسٹیول میں بہترین فلم کا اعزاز حاصل کرچکی ہے

جہیز کے موضوع پر بنائی گئی فلم راجھستان فلم فیسٹیول میں بہترین فلم کا اعزاز حاصل کرچکی ہے

لاہور: ڈسٹری بیوشن کلب کے زیر اہتمام فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کی ’’ لوڈ ویڈنگ‘‘ 15  مارچ کو دوبارہ سنیماؤں کی زینت بنے گی۔

تفصیلات کے مطابق معیاری فلموں کے شائقین کی ڈیمانڈ کے مد نظر ڈسٹری بیوشن کلب 15 مارچ سے لاہور ، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھرکے سنیماؤں میں سپر ہٹ فلم ’’ لوڈ ویڈنگ ‘‘ کی دوبارہ نمائش کا آغاز کررہا ہے تاکہ سنیما گھروں میں آنے والے شائقین کو پیسہ وصول معیاری تفریح حاصل ہوسکے۔

پروڈیوسر فضا علی مرزا اور ڈائریکٹر نبیل قریشی کی ڈائریکشن میں بنی فلم نے ہلکے پھلکے انداز میں سماجی مسئلے جہیز کے خاتمے کی جانب شائقین کی توجہ مبذول کروائی تھی جب کہ فلم میں فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کے منفرد کردار ، ہٹ میوزک اور پنجاب کے بیک گراؤنڈ میں رچی کہانی نے بھی شائقین کے ساتھ نقادوں کو بھی خوب متاثر کیا تھا ۔

گذشتہ برس عیدالاضحی پر ریلیز ہونے والی فلم لوڈ ویڈنگ نے ملک بھر سے 10کروڑ سے زائد بزنس کیا تھا جب کہ اسے رواں برس راجھستان میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں بہترین فلم کے اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا ۔ ٹریڈ حلقوں کے مطابق سماجی آگاہی کیلئے بنائی گئی ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ ایور گرین فلم ہے جسے شائقین فیملیز کے ساتھ دیکھ کر لطف اندوز ہونگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔