جینیلیا ڈی سوزا ہرمن باویجہ کیساتھ جلوہ گر ہونے کیلیے تیار

شوبز ڈیسک  منگل 6 اگست 2013
نئی فلموں کے لیے متخب کردار نبھانا پسند ہے ، آئیڈیل شوہر ملا ہے، مذہب نے انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے ،26سالہ بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

نئی فلموں کے لیے متخب کردار نبھانا پسند ہے ، آئیڈیل شوہر ملا ہے، مذہب نے انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے ،26سالہ بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ جینلیا ڈی سوزا ہدایت کار انیس بزمی کی نئی فلم ’’اٹ ازمائی لائف ‘‘میں ہرمن باویجہ کے ساتھ جلوہ گرہونے کے لیے تیار ہیں۔

فلم کے پروڈیوسرز بونی کپور اور سری دیوی ہیں ۔یہ فلم تلگو کی کامیاب فلم ’بومریلو‘کا ریمیک ہے اس تلگو فلم میں بھی لیڈنگ لیڈی رول اداکارہ جینلیا ڈی سوزا نے ہی نبھایا تھا ۔ساؤتھ کی اس کامیاب فلم میں اداکارہ جینلیا ڈی سوزا کے ساتھ تلگو ہیروسدھارتھ نارئن نے پرفارم کیا ۔2006کے دوران اس فلم نے سینماگھروں میں دھوم مچائی ۔اس فلم کے ریمیک میں پھر ہندی ورژن کے ساتھ جینلیا ڈی سوزا ہی اپنا کردار دہرانے کے لیے تیار ہیں ۔انیس بزمی کی اس رومانوی فلم میں محبت کو ہی موضوع بنایا گیا ہے جس میں ہرمن باویجہ ایک شاطر بزنس مین کے بیٹے کا کردار نبھارہے ہیں ۔فلم میں ہرمن کے والد ان کی کوئی بات نہیں مانتے اور ان کی زندگی کا ہر فیصلہ خود کرتے ہیں اس دوران مجبوری میں ہرمن اپنے والد کے حکم پر ایک امیر باپ کی لڑکی سے شادی کے لیے رضامند ہوجاتے ہیں یہ رشتہ صرف کاروباری ڈیل کے طور پر قبول کرلیا جاتا ہے تاہم اسی دوران ہرمن باویجہ ایک متوسط گھرانے کی خوبصورت لڑکی (جینلیا ڈی سوزا )کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں ۔

دونوں کی اس محبت پر مبنی فلم کی یہ کہانی ہے۔اس فلم کی کہانی کو بھسکر نے تحریر کیا ہے ۔فلم کا میوزک شنکر احسان لوئے نے تیار کیا ہے۔ تلگو کی ہٹ فلم کے اس ہندی ری میک کو رواں سال 15اگست کے روز بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر ریلیز کیا جارہا ہے ۔فلم کے دیگر فنکاروں میں نانا پاٹیکر ،اسرانی ،امر ،راج زتشی ،شرلن چوپڑا ،کپل شرما اور جوہی ببر اہم کرداروں میں جلوہ گرہونگے ۔اس فلم کی تشہیری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ۔اداکارہ جینلیا ڈی سوزا کے ساتھ پوری ٹیم نے پرموشنل تقریبات میں حصہ لے رہی ہے ۔بالی ووڈ ذرائع کے مطابق اداکارہ جینلیا ڈی سوزا نے اپنی اس فلم کی تکمیل کے لیے شیڈول شوٹنگ کو بڑی اہمیت دی ہے ۔اس کی تاریخوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ،حتیٰ کہ اپنی ہی ایک فلم ’مستی‘ کے سیکوئل ’گرینڈ مستی ‘کی بھی قربانی دی ہے ۔اداکارہ جینلیا ڈی سوزا کا کہنا ہے کہ نئی فلموں کے لیے متخب کردار نبھانا پسند ہے۔

انھوں نے کہا کہ آئیڈیل شوہر ملا ہے ہم دونوں میں مکمل ہم آہنگی ہے اور اب فلموں میں بھی کام کررہے ہیں ،انھوں نے کہا کہ رتیش دیش مکھ سے مشورہ کرلیتی ہوں مجھے کسی قسم کا بھی کردار نبھانے کی کوئی پابندی نہیں ہے۔کیتھولک فرقے سے تعلق رکھنے والی جینلیا ڈی سوزا کا کہنا ہے کہ مکمل مذہبی عورت بھی ہوں ،اور انسانیت کی خدمت کا درس مذہب سے سیکھا ہے ۔اداکارہ جینلیا ڈی سوزا نے بتایا کہ فلم ’’اٹ ازمائی لائف ‘‘میں اپنی ہی ایک فلم کا کردار نبھارہی ہوں جو کہ ماضی میں تلگو فلم میں ادا کیا تھا ۔2006 کی اس رومانوی تلگو فلم نے سینماگھروں میں دھوم مچائی تو انیس بزمی کو بھی اس کی کہانی اچھی لگی اسی دور سے مجھ سے رابطہ کیا گیا اور یہ فلم سائن کرلی گئی ۔ہرمن باویجہ نے اہم کردار نبھایا ہے۔فلم میں نانا پاٹیکر ،شرلین چوپڑا اور جوہی ببر کے کردار بھی دلچسپ ہیں ۔انھوں نے کہا کہ یہ فلم بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی۔

واضح رہے کہ 5اگست 1987 کو ممبئی میں پیدا ہونے والی 26سالہ اداکارہ جینلیا ڈی سوزا نے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا۔اور امیتابھ بچن کے ساتھ پارکر پن کی کمرشل نے اداکارہ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا ۔اس کے بعد اداکاری کا سفر شروع کیا ۔ جینلیا ڈی سوزا کی پہلی فلم ’’تجھے میری قسم‘‘ 2003میں ریلیز ہوئی جس میں انھوں نے رتیش دیش مکھ کے ساتھ کام کیا۔ 2004کے دوران سینماگھروں کی زینت بنائی جانے والی فلم ’’مستی ‘‘میں بھی اداکارہ  جیلینیا ڈی سوزا نے رتیش دیش مکھ کے ساتھ ہی کردار نبھایا ۔تاہم اسی سال ریلیز ہونے والی فلم ’’بوائز ‘‘نے اداکارہ  جینلیا ڈی سوزا کو شناخت دی ۔2003 سے 2005 کے دوران ساؤتھ فلم انڈسٹری میں بھی کام کرکے شہرت پائی۔

2006کے دوران تلگو فلم ’بومریلو‘میں بہترین پرفارمنس پر فلم فیئر ایوارڈز بھی جیت لیا ۔اس فلم نے باکس آفس پر دھوم مچائی اور بہت اچھا  بزنس کیا۔جینلیا ڈی سوزا نے3 فروری 2012 کو اداکار رتیش دیش مکھ کے ساتھ ہندو مراسم کے تحت مراٹھی رسم ورواج کے مطابق شادی رچالی ۔اداکارہ جینلیا ڈی سوزا نے شادی کے بعد بھی فلمی سفر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ،اداکارہ جیلینیا ڈی سوزا کی کئی فلمیں زیر تکمیل ہیں۔فلمساز امیت کپور کی آنیوالی فلم میں بھی اہم کردار ملا ہے ۔بالی وڈ میں شادی شدہ کامیاب ہیروئن میں جیلینیا ڈی سوزا کا شمار ہوتا ہے ۔اداکارہ جینلیا ڈی سوزا کو کئی فلموں میں عمدہ پرفارمنس پر ایوارڈز سے نوازا گیا اور متعدد ایوارڈز کے لیے نامزدگی ہوئی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔