پی سی بی نے پی ایس ایل کی مکمل انشورنس کرالی

نمائندہ خصوصی  جمعـء 15 مارچ 2019
مقابلوں میں شریک تمام ملکی اور غیرملکی کرکٹرز کی انشورنس بھی ہوئی ہے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

مقابلوں میں شریک تمام ملکی اور غیرملکی کرکٹرز کی انشورنس بھی ہوئی ہے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پی سی بی نے پی ایس ایل کی مکمل انشورنس کرالی جب کہ شریک تمام ملکی اور غیرملکی کرکٹرز کی انشورنس بھی ہوئی ہے۔

14 فروری کو دبئی میں شروع ہونے والا پی ایس ایل کا میلہ اب اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، ایونٹ کے میچز میں شائقین بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں،پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپر لیگ کا مکمل انشورنش کور حاصل کیا ہوا ہے۔

پاکستان میں شیڈول میچز میں کسی ناخوشگوار واقعے سے ایونٹ متاثر ہونے کی صورت میں بھی بورڈکو ادائیگی کی شق شامل کی گئی ہے۔ اگر بارش یا کسی اور وجہ سے کوئی میچ نہ ہو سکے تو بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کو کوئی خسارہ نہیں ہوگا، براڈ کاسٹر اسے پوری فیس ادا کرنے کا پابند ہے، ایونٹ میں شریک تمام پاکستانی اور غیرملکی کرکٹرز کا بھی انشورنس کرا لیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے بورڈ اب اسی طریقہ کار پر عمل کرتا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں میچز کے دوران شائقین کی بڑی تعداد میں آمد سے بھی حکام کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں، یو اے ای میں خالی میدانوں کے مقابلے میں نیشنل اسٹیڈیم میں بیشتر مقابلوں کے دوران انکلوڑرز بھرے ہوئے دکھائی دیے، کرکٹ بورڈ کوگیٹ منی سے بھاری آمدنی ہو گی، یہ رقم سینٹرل انکم پول میں جائے گی جس کے بعد اسے بورڈ اور فرنچائزز کے درمیان تقسیم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 4 کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا، میچ کے ٹکٹ کئی روز قبل آتے ہی فروخت ہو گئے تھے، پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہاؤس فل کی امید ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔