تباہ حال کراچی سے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کی لا تعلقی 8منٹ کا اجلاس کر کے گھر روانہ ہو گئے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 7 اگست 2013
طوفانی بارش کے بعدگڈاپ ٹاؤ ن سے آنے والے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے کورنگی کازو ے سے موٹر سائیکل سوار اور پیدل افراد بمشکل گزررہے ہیں ۔ فوٹو : راشد اجمیری / ایکسپریس

طوفانی بارش کے بعدگڈاپ ٹاؤ ن سے آنے والے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے کورنگی کازو ے سے موٹر سائیکل سوار اور پیدل افراد بمشکل گزررہے ہیں ۔ فوٹو : راشد اجمیری / ایکسپریس

کراچی:  بلدیہ عظمیٰ کے افسران پیر کو حیران رہ گئے جب نئے ایڈمنسٹریٹر ثاقب سومرو ادارے کے صدر دفتر سوک سینٹر صرف 15 منٹ کے لیے آئے چند منٹ کا ایک اجلاس کرکے کراچی میں بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی بدترین صورتحال کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیے بغیر چلے گئے۔

اس صورتحال پر ادارے کے افسران نے حیرت کا اظہار کیا باخبر ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا بلدیہ عظمیٰ کے نئے ایڈمنسٹریٹر ثاقب سومرو جن کے پاس ایڈمنسٹریٹر کا اضافی چارج ہے وہ منگل کی دوپہر سوک سینٹر آئے اور ادارے کے تمام شعبوں کے سربراہوں کا اجلاس طلب کیا، اجلاس کے حوالے سے توقع تھی کہ شہر میں میونسپل ایمرجنسی نافذ کرکے بارشوں کے بعد پیدا صورتحال کے ازالے کے لیے ہنگامی ایکشن پلان کا اعلان کیا جائے گا اور شہریوں کو فوری بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

تاہم بلدیہ عظمیٰ کے نئے ایڈمنسٹریٹر نے مجموعی طور پر 8 منٹ کے تعارفی اجلاس میں افسران کو مشورہ دیا کہ وہ کسی سے نہ ڈریں وہ کسی کا تبادلہ نہیں کریں گے سب مل جل کر کام کریں،بدھ کو آخری دن ہے اس کے بعد عید کی چھٹیاں ہیں اس دوران وہ کسی کو تنگ نہیں کریں گے اب ہماری عید کے بعد ملاقات ہوگی،ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے بعد افسران نئے ایڈمنسٹریٹر کے جملوں پر ہنستے رہے کہ انھوں نے اجلاس میں بارش کے حوالے سے کوئی فیصلہ تو درکنار ایک جملہ تک نہ بولا اور افسران کو عید کی چھٹیوں کی نوید سنا کر چلے گئے۔

اجلاس کے بعد ایڈمنسٹریٹر نے ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز اور دیگر افسران کو بلایا اور کہا کہ وہ گڑھوں کو بھرائی کریں اور پھر سوک سینٹر سے چلے گئے،اس صورتحال پر افسران نے حیرت کا اظہار کیا کہ آج ایڈمنسٹریٹر کا پہلا دن تھا بارش سے شہر برباد ہوچکا ہے آج ان کو اہم فیصلے کرنے تھے مگر ان کا طرز عمل افسوسناک ہے انھوں نے رین ایمرجنسی تک نہیں لگائی،ادارے کے ہزاروں ملازمین اس بات کے منتظر ہیں ان کو جولائی کی تنخواہیں عید الفطر سے قبل ادا کردی جائیں گی مگر ایڈمنسٹریٹر نے اس حوالے سے بھی کوئی اعلا ن نہیں کیا ایڈمنسٹریٹر نے اجلاس میں کہا کہ وہ عید کے بعد چار چار محکموں کی بریفنگ لیں گے۔

دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ کی طرف سے جاری کردہ سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ثاقب سومرو نے کہا ہے کہ شہر کی شاہراہوں پر بارش سے پڑنے والے گڑھوں کو فوری طور پر بھر دیا جائے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی استرکاری کی جائے جو علاقے بارش سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں وہاں بحالی کے کاموں کو تیز کیا جائے بارش سے متاثر وہ گراؤنڈز اور مقامات جہاں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہونگے انھیں فوری طور پر درست کیا جائے۔

تاکہ نماز عید کے اجتماعات کے لیے مشکلات کا سامنا نہ ہو، ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو سوک سینٹر میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد منعقدہ محکمہ جاتی سربرا ہوں کے تعارفی اجلاس سے خطاب میں کیا جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔