افغانستان میں القاعدہ کے مبینہ ٹھکانے پر فضائی حملے میں 30 عسکریت پسند ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 15 مارچ 2019
فضائی حملہ شدت پسندوں کے ٹھکانے پر کیا گیا۔ فوٹو : فائل

فضائی حملہ شدت پسندوں کے ٹھکانے پر کیا گیا۔ فوٹو : فائل

کابل: افغان فضائیہ کی شدت پسندوں کے ٹھکانے پر بمباری میں 30 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبہ غزنی میں ملکی فضائیہ نے القاعدہ کے مبینہ ٹھکانے پر فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں 30 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ فضائی حملہ اس وقت کیا گیا جب سہولت کار شدت پسندوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر رہے تھے۔

افغان حکام کے مطابق ملکی فضائیہ کی ایک کارروائی میں القاعدہ سے وابستگی رکھنے والے 30 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب افغان وزارت دفاع نے ہلاک ہونے والے عسکریت پسند کا تعلق کا حقانی نیٹ ورک سے ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے، تاہم طالبان ذرائع سے اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے لیے افغان امن مذاکرات قطر میں جاری ہیں جس میں امریکی نمائندے خلیل زلمے اور طالبان نمائندوں کے درمیان معاہدہ طے پانے کے امکانات قوی ہیں، تاہم ان مذاکرات میں کابل انتظامیہ کو طالبان کی شرط پر شامل نہیں کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔