پیپلزپارٹی کراچی کو انتظامی طور پر تقسیم کرنے کی سازش کررہی ہے، ایم کیوایم پاکستان

ویب ڈیسک  جمعـء 15 مارچ 2019
سندھ حکومت مرضی سے شہری علاقوں کو تقسیم نہیں کرسکتی، خالد مقبول۔ (فوٹو: فائل)

سندھ حکومت مرضی سے شہری علاقوں کو تقسیم نہیں کرسکتی، خالد مقبول۔ (فوٹو: فائل)

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کو انتظامی طور پر تقسیم کرنے کی سازش کررہی ہے۔

کراچی میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سالوں میں پیپلز پارٹی نے سندھ  اور صوبے کے شہری علاقوں کو تباہ کردیا ہے، اس نے کرپشن اور تعصب کی ایسی تاریخ لکھی ہے جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی پہلے ہی لسانی بنیادوں پر تقسیم ہے، اور اب جعلی مردم شماری کے ذریعے اکثریت حاصل کرنے والی نسل پرست سندھ حکومت کراچی میں انتظامی تقسیم کرنے کی سازش کررہی ہے، سندھ حکومت مرضی سے شہری علاقوں کو تقسیم نہیں کرسکتی، اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ کراچی میں اب دو مئیر ہوں گے، اٹھارویں ترمیم کے بعد اختیار منتقل نہیں بلکہ صوبوں میں جمع ہوگئے ہیں، سندھ کا موجودہ بلدیاتی نظام اٹھارویں ترمیم سے متصادم ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے خالد مقبول صدیقی کے بیان کی شدید مذمت کی ہے اور  رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے لسانیت کی بیان بازی سے گریز کریں، کراچی کو مزید اضلاع میں تقسیم کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے، چیزوں کی تصدیق کے بغیر سندھ کے دو حصے کرنے کا مطالبہ نہیں کرنا چاہیے، پی پی لسانیت پر یقین نہیں کرتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔